زمین کی خاطر خونی رشتے بھی پامال، بھائی نے بھائی پر ٹریکٹر چڑھا دیا
خاندان کے درمیان زمین کی ملکیت، تقسیم یا قبضے سے متعلق تنازع چل رہا تھا، جس کے دوران مبینہ طور پر صورتحال کشیدہ ہوگئی
فوٹو سوشل مییڈیا ( ایکس)
جہلم: تحصیل سوہاوہ کے گاؤں موٹھو موہری میں زمین کے تنازع پر بھائی کی جانب سے مبینہ طور پر بھائی اور بھابھی پر ٹریکٹر چڑھانے کا واقعہ پیش آیا ہے، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہے۔
سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیو میں ایک شخص کو ٹریکٹر چلاتے ہوئے حویلی کے گیٹ کی جانب جاتے دیکھا جاسکتا ہے، جبکہ واقعے کے دوران گیٹ کو بھی نقصان پہنچنے کا دعویٰ کیا جا رہا ہے۔
مقامی ذرائع کے مطابق خاندان کے درمیان زمین کی ملکیت، تقسیم یا قبضے سے متعلق تنازع چل رہا تھا، جس کے دوران مبینہ طور پر صورتحال کشیدہ ہوگئی اور ٹریکٹر کے ذریعے حویلی کے گیٹ کو نقصان پہنچایا گیا۔
واقعے کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے، تاہم واقعے کے مکمل حالات اور اس میں کسی شخص کے زخمی ہونے سے متعلق حتمی معلومات تاحال سامنے نہیں آسکیں۔
پولیس کی جانب سے واقعے کی باضابطہ تصدیق، مقدمے کے اندراج یا کسی گرفتاری کے بارے میں بھی فی الحال کوئی واضح تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔
واضح رہے کہ یہ خبر سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیو اور مقامی ذرائع سے موصول ہونے والی ابتدائی معلومات کی بنیاد پر مرتب کی گئی ہے، جبکہ واقعے کے مکمل حقائق سرکاری تحقیقات کے بعد ہی سامنے آسکیں گے۔