مومنہ اقبال تنازع،ثاقب چدھڑ نے مالی تصفیے سے متعلق بھی دعویٰ کردیا

مومنہ اقبال ان کی پہلے سے شادی شدہ ہونے کی حیثیت سے واقف تھیں اور اس کے باوجود ان کے ساتھ دوسری شادی پر رضامند تھیں۔

September 6, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

لاہور: اداکارہ مومنہ اقبال اور مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی ثاقب چدھڑ کے درمیان جاری تنازع میں ایک بار پھر شدت آگئی ہے، جہاں ثاقب چدھڑ نے ایک انٹرویو کے دوران اداکارہ اور ان کی بہن رمشا اقبال سے متعلق مختلف دعوے کیے ہیں۔

ثاقب چدھڑ کے مطابق انہوں نے رمشا اقبال کو اعلیٰ تعلیم کے لیے آسٹریلیا بھیجنے میں مدد کی اور بعد ازاں اپنی کمپنی میں انہیں ملازمت بھی فراہم کی۔ ان کا دعویٰ ہے کہ آسٹریلیا میں رمشا اقبال نے ان کے ایک کاروباری ساتھی کے خلاف ہراسانی کا مقدمہ دائر کیا، جو بعد میں مبینہ طور پر مالی تصفیے کے ذریعے ختم ہوگیا۔

ایم پی اے نے الزام عائد کیا کہ بعد ازاں مومنہ اقبال اور ان کی بہن کی جانب سے ان کے خلاف بھی اسی نوعیت کا معاملہ کھڑا کرنے کی کوشش کی گئی۔ تاہم ان دعوؤں کی آزادانہ تصدیق نہیں ہوسکی۔

ثاقب چدھڑ نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ مومنہ اقبال ان کی پہلے سے شادی شدہ ہونے کی حیثیت سے واقف تھیں اور اس کے باوجود ان کے ساتھ دوسری شادی پر رضامند تھیں۔

اپنے انٹرویو میں ثاقب چدھڑ نے مزید دعویٰ کیا کہ مومنہ اقبال کے وکیل کی جانب سے معاملہ ختم کرنے کے لیے بھاری رقم کا مطالبہ کیا گیا اور مختلف مراحل پر مالی تصفیے کی متعدد تجاویز سامنے آئیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ان دعوؤں سے متعلق شواہد بھی ان کے پاس موجود ہیں۔ حالیہ میڈیا رپورٹس کے مطابق ثاقب چدھڑ نے صلح کے لیے رقم کی مختلف مبینہ پیشکشوں کا بھی ذکر کیا ہے

دوسری جانب مومنہ اقبال پہلے ہی ثاقب چدھڑ کے خلاف ہراسانی، سائبر بُلنگ اور دھمکیوں سے متعلق الزامات عائد کرچکی ہیں اور معاملہ متعلقہ قانونی اداروں تک لے جا چکی ہیں

رواں ماہ سامنے آنے والی رپورٹ کے مطابق اس مقدمے میں ایک مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نے ثاقب چدھڑ اور ان کی اہلیہ کو بے قصور قرار دیا، تاہم مومنہ اقبال اور ان کے اہلخانہ نے اس نتیجے کو چیلنج کرنے کا اعلان کیا ہے۔

یوں دونوں فریقوں کے مؤقف اور الزامات کے باعث معاملہ قانونی سطح پر بھی زیرِ بحث ہے، جبکہ حتمی حقائق کا تعین متعلقہ اداروں اور عدالتوں کی کارروائی سے ہوگا۔