بھارت کارڈ کھیلا جارہاہے۔وزیراعلیٰ نے دوسرے صوبوں سے متعلق کچھ غلط نہیں کہا،عظمی ٰ بخاری
مریم نواز نے کرپشن کے خلاف جہاد کا اعلان کیا ہے۔پریس کانفرنس
وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کرپشن کے خلاف جہاد کا اعلان کیا ہے اور پنجاب کے تمام محکموں سے کرپشن کا خاتمہ ان کا مشن ہے ۔صرف محکمہ خوراک میں 48 افسران اور اہلکار گرفتار کیے گئے ہیں۔ صوبائی وزیر اطلاعات نے بتایا کہ 6 ملازمین کو نوکریوں سے برخاست کیا گیا ۔ 14 فوڈ کنٹرولرز کے خلاف تادیبی کارروائی جاری ہے۔ وکٹوریہ ہسپتال بہاولپور کی پارکنگ میں اوور چارجنگ پر ٹھیکیدار کو گرفتار کیا گیا، جبکہ چیچہ وطنی ٹی ایچ کیو ہسپتال میں اوور چارجنگ کا ٹھیکہ منسوخ کردیا گیا ہے۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ کرپشن ہمارے معاشرے کا ناسور بن چکی ہے اور اس کے خلاف کریک ڈاؤن بلا تفریق جاری ہے، کسی کو ٹارگٹ نہیں کیا جائے گا۔ عوام کرپشن کے خاتمے کے لیے مریم نواز کے ساتھ ہیں اور پنجاب میں کرپشن کے خلاف کارروائی کو بھرپور پذیرائی مل رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مریم نواز نے جو بھی فیصلہ کیا، اس پر عمل درآمد کروایا ہے اور انہوں نے کبھی تنقید یا منفی پروپیگنڈے کی پروا نہیں کی۔ جھوٹے پروپیگنڈے اور ذاتی تنقید نے مریم نواز کو کمزور نہیں بلکہ چٹان کی طرح مزید مضبوط کیا ہے۔
صوبائی وزیراطلاعات کا کہناتھاکہ کسی سے حب الوطنی کا سرٹیفیکیٹ نہیں چاہئے۔وزیراعلیٰ پنجاب نے دوسرے صوبوں سے متعلق کچھ غلط نہیں کہا۔ ایک بار پھر بھارت کارڈ کھیلا جا رہا ہے۔