کالعدم تنظیموں کی حمایت کا الزام، ڈاکٹر عائشہ فیض کا ریمانڈ منظور
ڈاکٹر عائشہ فیض کو چند روز قبل مبینہ طور پر کالعدم تنظیموں کی حمایت میں پریس کانفرنس کرنے اور ان کے بیانیے کی تشہیر کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔
فائل فوٹو
کوئٹہ کی انسداد دہشت گردی عدالت نے سابق پولیس سرجن ڈاکٹر عائشہ فیض کو تین روزہ جسمانی ریمانڈ پر کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کے حوالے کردیا۔
سابق پولیس سرجن سول اسپتال کوئٹہ ڈاکٹر عائشہ فیض کو سی ٹی ڈی حکام نے انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش کیا، جہاں تفتیشی حکام نے عدالت سے ان کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔
عدالت کے جج سید علی مبین نے فریقین کے مؤقف سننے کے بعد ڈاکٹر عائشہ فیض کو تین روزہ جسمانی ریمانڈ پر سی ٹی ڈی کے حوالے کرنے کا حکم دیا۔
حکام کے مطابق ڈاکٹر عائشہ فیض کو چند روز قبل مبینہ طور پر کالعدم تنظیموں کی حمایت میں پریس کانفرنس کرنے اور ان کے بیانیے کی تشہیر کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔
ذرائع کے مطابق ڈاکٹر عائشہ فیض کے خلاف انسداد دہشت گردی قانون اور پیکا ایکٹ کے تحت بھی مقدمات درج کیے گئے ہیں، جبکہ معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے۔