برطانیہ میں تاریخی قلعے پر پاکستانی پرچم لہرا دیا گیا، بڑا تنازعہ شروع
شہر میں پاکستانی کمیونٹی کے علاوہ دیگر ممالک کی آزادی کے دنوں کے موقع پر بھی اسی نوعیت کی تقریبات منعقد کی جاتی ہیں۔کارڈف کونسل
فوٹو سوشل میڈیا
برطانیہ کے شہر کارڈف میں تاریخی کارڈف قلعے پر پاکستانی پرچم لہرانے کے معاملے نے سیاسی تنازع کھڑا کردیا۔
کارڈف کونسل کے مطابق پاکستان کے یوم آزادی کے موقع پر قلعے پر پاکستانی پرچم لہرایا گیا تھا۔ کونسل کا کہنا ہے کہ مختلف قومی اور ثقافتی مواقع پر پرچم لہرانا شہر میں موجود مختلف کمیونٹیز کی خدمات اور ثقافتی شناخت کو تسلیم کرنے کی روایت کا حصہ ہے۔
دوسری جانب ریفارم ویلز سے وابستہ شخصیات نے تاریخی عمارت پر پاکستانی پرچم لہرانے پر اعتراض کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ ایسے مقامات پر ویلش یا برطانوی پرچم کو ترجیح دی جانی چاہیے۔
اس معاملے پر ویلش سیاست دانوں کے درمیان بھی اختلاف سامنے آیا۔ بعض ارکان نے پاکستانی پرچم لہرانے کے اقدام کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ مختلف کمیونٹیز کی ثقافتی تقریبات کا احترام کرنا کسی قسم کے غلبے یا قبضے کی علامت نہیں۔
کارڈف کونسل کا کہنا ہے کہ شہر میں پاکستانی کمیونٹی کے علاوہ دیگر ممالک کی آزادی کے دنوں کے موقع پر بھی اسی نوعیت کی تقریبات منعقد کی جاتی ہیں۔
معاملہ سوشل میڈیا پر بھی زیر بحث ہے، جہاں پاکستانی پرچم لہرانے کو بعض حلقوں نے تنقید کا نشانہ بنایا، جبکہ دوسرے حلقوں نے اسے کارڈف کے کثیرالثقافتی معاشرے میں مختلف کمیونٹیز کے احترام کی مثال قرار دیا ہے۔