کراچی،لانڈھی کی 2 فیکٹریوں میں آگ، 16 گھنٹے بعد قابو پالیا گیا،دوبارہ بھڑکنے کا خطرہ برقرار

یکٹری کے اندر کپڑوں کی بڑی گانٹھیں موجود ہیں جو اندر ہی اندر سلگ رہی ہیں اور ان میں وقفے وقفے سے دوبارہ آگ بھڑک اٹھتی ہے-ترجمان فائر بریگیڈ

September 8, 2026 · قومی
فوٹو سوشل میڈیا ایکس

فوٹو سوشل میڈیا ایکس

کراچی: لانڈھی ایکسپورٹ پروسیسنگ زون میں دو فیکٹریوں میں لگنے والی شدید آگ پر تقریباً 16 گھنٹے کی مسلسل جدوجہد کے بعد قابو پالیا گیا، تاہم متاثرہ فیکٹریوں میں کولنگ کا عمل تاحال جاری ہے۔

فائر بریگیڈ کے ترجمان کے مطابق آگ پر قابو پانے کے بعد بھی صورتحال مکمل طور پر معمول پر نہیں آئی، کیونکہ فیکٹری کے اندر کپڑوں کی بڑی گانٹھیں موجود ہیں جو اندر ہی اندر سلگ رہی ہیں اور ان میں وقفے وقفے سے دوبارہ آگ بھڑک اٹھتی ہے۔

ترجمان کے مطابق فیکٹری میں موجود کپڑے اور دیگر آتش گیر سامان کے باعث کولنگ کا عمل غیر معمولی طور پر مشکل ہے۔ آگ کے دوبارہ بھڑکنے کے خدشے کے پیش نظر فائر فائٹرز متاثرہ حصوں میں پانی کا چھڑکاؤ جاری رکھے ہوئے ہیں۔

فائر بریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ مکمل کولنگ میں مزید دو سے تین دن لگ سکتے ہیں۔ اس دوران فائر فائٹرز متاثرہ عمارت کے مختلف حصوں کی نگرانی کرتے رہیں گے تاکہ دوبارہ آگ لگنے کے کسی بھی امکان کو فوری طور پر ختم کیا جاسکے۔

ترجمان کے مطابق آگ بجھانے کی کارروائی کے دوران فیکٹری کا ایک حصہ بھی منہدم ہوگیا تھا، تاہم امدادی سرگرمیوں میں مصروف اہلکاروں کو محفوظ رکھا گیا۔

حکام کے مطابق آتشزدگی کے نتیجے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ فائر بریگیڈ کی ٹیموں نے طویل آپریشن کے دوران آگ کو مزید پھیلنے سے روکنے کے لیے مختلف مقامات سے کارروائی کی۔

فیکٹری میں بڑی مقدار میں کپڑے موجود ہونے کے باعث آگ پر قابو پانے کے بعد بھی خطرہ مکمل طور پر ختم نہیں ہوا، اسی لیے کولنگ کا مرحلہ کئی دن تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

واقعے کے بعد متاثرہ فیکٹری کی عمارت اور دیگر حصوں کا جائزہ بھی لیا جارہا ہے تاکہ یہ معلوم کیا جاسکے کہ آگ سے عمارت کو کس حد تک نقصان پہنچا ہے اور آئندہ کسی ممکنہ حادثے سے بچنے کے لیے مزید کیا اقدامات ضروری ہیں۔