پاکستانی عوام ہر مشکل وقت میں کشمیریوں کے ساتھ کھڑے رہیں گے، امیر مقام

کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ہر پاکستانی کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

October 26, 2026 · قومی
پاکستانی عوام ہر مشکل وقت میں کشمیریوں کے ساتھ کھڑے رہیں گے، امیر مقام

پاکستانی عوام ہر مشکل وقت میں کشمیریوں کے ساتھ کھڑے رہیں گے، امیر مقام

اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان اور سیفران امیر مقام نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان اور عوام مشکل حالات میں کشمیریوں کی حمایت جاری رکھیں گے۔ انہوں نے زور دیا کہ کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ہر پاکستانی کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

اسلام آباد میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے امیر مقام نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی حمایت سے پیچھے نہیں ہٹے گا اور ہر سطح پر ان کے ساتھ کھڑا رہے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ جب تک پاکستانی اور کشمیری عوام موجود ہیں، کشمیریوں کی حمایت کا عزم برقرار رہے گا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ شبیر احمد شاہ، یاسین ملک اور دیگر کشمیری رہنما بھارتی جیلوں میں قید ہیں، تاہم ان کے بقول بھارتی قوانین اور سزائیں کشمیریوں کے عزم کو کمزور نہیں کرسکتیں۔

اس موقع پر کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما غلام محمد صفی نے کہا کہ کشمیر ایک متنازع علاقہ ہے اور اس مسئلے کے حل کے لیے اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد ضروری ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ 57 مسلم ممالک بھی اقوام متحدہ سے کشمیر سے متعلق قراردادوں پر عمل درآمد کا مطالبہ کرچکے ہیں۔

غلام محمد صفی نے اعلان کیا کہ 27 اکتوبر کو ملک بھر میں یومِ سیاہ منایا جائے گا۔ اس موقع پر کراچی، لاہور، پشاور، اسلام آباد، مظفرآباد اور گلگت بلتستان سمیت مختلف شہروں اور علاقوں میں تقریبات اور دیگر سرگرمیوں کا انعقاد کیا جائے گا، جن کا مقصد مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنا اور کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کرنا ہے۔