کراچی میں شیعہ اسلامک لرننگ کے چیئرمین عارف ساقی پر مبینہ تشدد
مبینہ تشدد کے بعد عارف ساقی کو سچل تھانے منتقل کیا گیا، جہاں پولیس نے ان کا مؤقف حاصل کیا اور واقعے کی قانونی کارروائی شروع کردی۔
فوٹو سوشل میڈیا فیس بک
کراچی کے علاقے سچل میں صفورا چورنگی کے قریب جامعہ کراچی کے شیعہ اسلامک لرننگ کے چیئرمین عارف ساقی کو مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنائے جانے کا واقعہ پیش آیا ہے، جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہوگئے۔
رپورٹس کے مطابق مبینہ تشدد کے بعد عارف ساقی کو سچل تھانے منتقل کیا گیا، جہاں پولیس نے ان کا مؤقف حاصل کیا اور واقعے کی قانونی کارروائی شروع کردی۔
پولیس نے واقعے کے دوران ہوائی فائرنگ کیے جانے کے دعوے کی تاحال تصدیق نہیں کی۔ پولیس حکام کے مطابق عارف ساقی کی مدعیت میں واقعے کا مقدمہ درج کیا جا رہا ہے۔
عارف ساقی نے الزام عائد کیا ہے کہ صفورا چورنگی کے قریب واقع سندھ گرین ہوٹل کے مالک کے بیٹے حنین نے انہیں پستول کے بٹ مارے اور مبینہ طور پر ہوائی فائرنگ بھی کی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے جبکہ مقدمے کے اندراج کے بعد مزید قانونی کارروائی شواہد اور تحقیقات کی روشنی میں کی جائے گی۔