617 پکوان بنا کر عالمی ریکارڈ قائم کرنے والے بھارتی شیف دامو چل بسے
شیف دامو کو دسمبر 2010ء میں مسلسل 24 گھنٹے، 30 منٹ اور 12 سیکنڈ تک کھانا پکانے اور اس دوران 617 پکوان تیار کرنے پر گنیز ورلڈ ریکارڈ میں جگہ ملی تھی
617 پکوان بنا کر عالمی ریکارڈ قائم کرنے والے بھارتی شیف دامو انتقال کرگئے
24 گھنٹے سے زائد وقت میں 617 پکوان تیار کرکے عالمی ریکارڈ بنانے والے بھارتی شیف دامو چل بسے
بھارت کے معروف شیف دامو 25 اکتوبر 2026ء کو چنئی میں انتقال کرگئے۔ ان کے انتقال پر کھانا پکانے کے شعبے سے وابستہ افراد، مداحوں اور تامل ناڈو کی سیاسی قیادت نے افسوس کا اظہار کیا ہے۔
شیف دامو کو دسمبر 2010ء میں مسلسل 24 گھنٹے، 30 منٹ اور 12 سیکنڈ تک کھانا پکانے اور اس دوران 617 پکوان تیار کرنے پر گنیز ورلڈ ریکارڈ میں جگہ ملی تھی۔ وہ تامل ناڈو کے مقبول ٹیلی ویژن کوکنگ شوز، خصوصاً ’کوکو وِد کومالی‘ کے ذریعے بھی شہرت حاصل کرچکے تھے۔
انہوں نے اپنے ریکارڈ ساز چیلنج کا آغاز 21 دسمبر 2010ء کو صبح تقریباً 8 بجے کیا تھا۔ ان کا ابتدائی ہدف 480 پکوان تیار کرنا تھا، تاہم انہوں نے مقررہ تعداد سے 137 زیادہ پکوان بنا کر عالمی ریکارڈ قائم کیا۔
اس طویل چیلنج کے دوران شیف دامو نے تقریباً 190 کلوگرام اجزاء استعمال کیے اور بیک وقت چھ چولہوں پر کھانا تیار کیا۔ ریکارڈ کے لیے مقررہ ضوابط کے تحت انہیں ہر گھنٹے میں صرف پانچ منٹ آرام کی اجازت تھی، جبکہ کم از کم دو پکوان ایک ساتھ تیار کرنا ضروری تھا۔ ان کی معاونت کے لیے چار افراد موجود تھے، تاہم کھانا پکانے کی ذمہ داری انہوں نے خود نبھائی۔ اس دوران اوون اور مائیکرو ویو کا استعمال بھی ممنوع تھا۔
شیف دامو کے تیار کردہ پکوانوں میں اڈلی، ڈھوکلا، رسَم، پائسم، پکوڑے اور چپس سمیت مختلف اقسام کے کھانے شامل تھے۔ گنیز ورلڈ ریکارڈز کی جج لوسیا سینیگلیئسی نے اس چیلنج کی نگرانی کی اور اس بات کو یقینی بنایا کہ تمام پکوان مقررہ شرائط کے مطابق تیار کیے جائیں اور کھانے کے قابل ہوں۔
ریکارڈ بنانے کی کوشش کے تقریباً 12 گھنٹے بعد شیف دامو کو شدید تھکن کا سامنا کرنا پڑا اور مسلسل کھانا پکانا ان کے لیے مشکل ہونے لگا۔ اس موقع پر ہوٹل کے تقریباً 60 ملازمین نے وہاں پہنچ کر ان کی حوصلہ افزائی کی۔ تھکن کے باوجود انہوں نے اپنی کوشش جاری رکھی اور اوسطاً ہر ڈھائی منٹ میں ایک نیا پکوان تیار کیا۔
چیلنج کی ایک اہم شرط یہ تھی کہ تیار کیے جانے والے تمام کھانے قابلِ استعمال ہوں۔ ریکارڈ کے دوران تیار ہونے والے تمام 617 پکوان وہاں موجود افراد میں تقسیم کیے گئے اور انہیں کھا لیا گیا۔
شیف دامو نے 2004ء میں یونیورسٹی آف مدراس سے ہوٹل مینجمنٹ اور کیٹرنگ ٹیکنالوجی میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی تھی۔ کھانا پکانے کے شعبے میں نمایاں خدمات پر انہیں 2025ء میں بھارت کے سول اعزاز پدم شری سے بھی نوازا گیا تھا۔