شدید دھند کے باعث موٹروے ایم فور فیصل آباد سے پنڈی بھٹیاں تک بند کردی گئی
موٹروے پولیس کی ہدایات، غیر ضروری سفر سے گریز کی اپیل، حفاظتی اقداماتنفاذ فوری ہوگا
شدید دھند کے باعث موٹروے کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا
ملک کے مختلف حصوں میں شدید دُھند کا سلسلہ جاری ہے، جس کے پیش نظر موٹروے پولیس نے ٹریفک کی حفاظت کو یقینی بناتے ہوئے موٹروے ایم فور کو فیصل آباد سے پنڈی بھٹیاں تک ہر قسم کی آمدورفت کے لیے بند کر دیا ہے۔ ترجمان موٹروے پولیس سنٹرل ریجن سید عمران احمد کے مطابق موٹرویز کی بندش کا بنیادی مقصد مسافروں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ موٹروے ایم فور کے دیگر تمام حصے دونوں اطراف سے ٹریفک کے لیے مکمل طور پر کھلے ہیں۔ انتظامیہ نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ دُھند کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور سفر کے لیے دن کی روشنی کو ترجیح دیں۔ اعداد و شمار کے مطابق صبح 10 بجے سے شام 6 بجے تک کا وقت سفر کے لیے نسبتاً زیادہ محفوظ قرار دیا گیا ہے۔
موٹروے پولیس نے ڈرائیوروں کو ہدایت کی ہے کہ دوران سفر گاڑیوں کی رفتار کم رکھیں اور اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ برقرار رکھیں۔ اس کے علاوہ لین کی سختی سے پابندی کریں، غیر ضروری اوورٹیکنگ اور اچانک بریک لگانے سے گریز کریں۔ حکام نے یہ بھی تاکید کی ہے کہ سفر پر روانہ ہونے سے قبل گاڑیوں کی فوگ لائٹس، ہیڈ لائٹس، بیک لائٹس اور وائپرز کو اچھی طرح جانچ کر درست حالت میں رکھا جائے۔