افغانستان میں 50ارب ڈالر سعودی سرمایہ کاری معاہدے کی حقیقت سامنے آگئی

ڈیلٹا انٹرنیشنل ابتدائی مرحلے میں گیس کے سات بلاکس پر کام کرے گی

September 8, 2026 · امت خاص
فائل فوٹو

فائل فوٹو

 

سعودی عرب کی کمپنی ڈیلٹا انرجی گروپ نے افغانستان کی وزارت پٹرولیم کے ساتھ تیل و گیس کے شعبے میں معاہدوں پر دستخط کیے ہیں۔اس حوالے سے سرمایہ کاری کی درست مالیت پرابہام ہے۔

طالبان کی وزارتِ معدنیات و پٹرولیم کے مطابق، ڈیلٹا انٹرنیشنل ابتدائی مرحلے میں گیس کے سات بلاکس کی تلاش اور نکالنے کے عمل کے لیے 20 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گی۔ اس علاقے میں تلاش کی مدت آٹھ سال ہے ۔ پورے معاہدے کی مدت 25 سال مقرر کی گئی ہے۔

پورے پروگرام (تلاش، پیداوار، ہرات میں گیس کا استعمال، اور مجوزہ پائپ لائن) کی ممکنہ سرمایہ کاری تقریباً 50 ارب ڈالر ہے، لیکن یہ 25 سال تک پھیل سکتی ہے۔ فی الحال یہ مشروط فریم ورک اور ابتدائی مرحلے (تقریباً 200 ملین ڈالر) تک محدود ہے۔

مزید سرمایہ کاری کا انحصار تلاش کے نتائج، تجارتی قابلِ عمل ہونے، تکنیکی و اقتصادی مطالعات، فنڈنگ، قانونی منظوریوں اور بعد میں حتمی سرمایہ کاری کے فیصلوں پر ہے۔

معاہدہ کابل میں ہوا اور اس میں کشک،تیرپل علاقے (تقریباً 23 ہزار مربع کلومیٹر) میں تیل و گیس کی تلاش شامل ہے۔ کشک،تیرپل کا علاقہ ہرات اور بادغیس صوبوں میں واقع ہے۔ اس کے ذخائر کا بڑا حصہ قدرتی گیس پر مشتمل ہے۔