شہباز شریف سے ممتاز صنعت کاروں اور کاروباری شخصیات کےوفد کی ملاقات
وزیراعظم کا برآمدات بڑھانے اور مشاورت سے معاشی اصلاحات جاری رکھنے کا عزم
فائل فوٹو
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف سے ممتاز صنعت کاروں اور کاروباری شخصیات کے وفد نے ملاقات کی۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ تاجربرادری اور صنعت کاروں کو خوش آمدید کہتا ہوں، بجٹ سے پہلے بھی صنعت کاروں سے ملاقات میں مشاورت کی گئی۔
وزیراعظم نے کہا کہ مشکل حالات کے باوجود مشاورت سے بنیادی اصلاحات کی گئیں، ہمیں اپنی ایکسپورٹ بڑھانا ہے اور برآمدات میں اضافے کے لیے تمام چیلنجز پر قابو پائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ انفورسمنٹ کے ذریعے ایک سال میں 800 ارب روپے ریکور کیے گئے، مشاورت کے ذریعے برآمدات میں اضافے کے لیے اقدامات کریں گے، برآمدات پر مبنی معاشی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
اس موقع پر تاجر برادری نے وزیراعظم کو مشاورتی عمل میں شامل کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مشاورت کا عمل جاری رہنا چاہیے، یہ معیشت کے لیے فائدہ مند ہوگا۔