زید علی کی رجب بٹ پر سخت تنقید،گدھے اور کتے سےموازنہ
کامیڈین کا کہنا ہے نمبرز سے زیادہ معاشرے میں عزت اور اخلاقی حمایت اہم ہے
فائل فوٹو
لاہور: پاکستانی نژاد کینیڈین کامیڈین اور مواد تخلیق کار زید علی نے ٹک ٹاک لائیو سیشن کے دوران ساتھی یوٹیوبر اور ٹک ٹاکر رجب بٹ کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے گدھوں اور کتوں سے تشبیہ دے دی۔
زید علی نے ایک کمنٹ کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ رجب بٹ کو گدھے سے تشبیہ دیتے ہوئے گدھے کی توہین نہیں کرنی چاہیے، کیونکہ گدھا بھی محنت کرکے اپنا نام کماتا ہے، جبکہ ان کے مطابق رجب بٹ نے کبھی کسی چیز کے لیے محنت نہیں کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ کتا بھی رجب بٹ سے بہتر ہے کیونکہ وہ اپنے مالک سے وفادار ہوتا ہے، تاہم وہ اس جملے میں کتوں کو شامل کرکے ان کی توہین نہیں کرنا چاہتے۔
سبسکرائبرز کی تعداد پر بات کرتے ہوئے زید علی نے تسلیم کیا کہ رجب بٹ کے سبسکرائبرز ان سے زیادہ ہیں اور انہیں اس پر مبارکباد بھی دی، تاہم ان کا کہنا تھا کہ نمبرز سے زیادہ عزت اہمیت رکھتی ہے۔
زید علی کے مطابق رجب بٹ نے ہمیشہ شارٹ کٹس کے ذریعے یا کسی بھی قیمت پر نمبرز حاصل کرنے کی کوشش کی اور وہ اس میں کامیاب بھی رہے، لیکن بدلے میں انہیں عوام کی طرف سے کوئی عزت نہیں ملی۔
زید علی نے رجب بٹ کی جانب سے انہیں ’لاگر‘ کہے جانے کے دعوے کو بھی مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ان کا اصل کام مزاحیہ ویڈیوز بنانا ہے، روزمرہ کی روٹین کی عکاسی کرنے والی ولاگنگ کرنا نہیں، اور انہیں اس قسم کے مواد سے کوئی دلچسپی نہیں۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان کے اپنے فالوورز ہمیشہ ان کے ساتھ مضبوطی سے کھڑے ہوتے ہیں، جبکہ رجب بٹ کے پاس ایسی کوئی اخلاقی سپورٹ موجود نہیں۔
واضح رہے کہ زید علی کینیڈا کے شہر واٹرلو سے تعلق رکھنے والے معروف کامیڈین ہیں جو جنوبی ایشیائی ثقافت پر مبنی مزاحیہ ویڈیوز کے باعث شہرت رکھتے ہیں، جبکہ رجب بٹ لاہور کے ایک متنازع یوٹیوبر اور فیملی ولاگر ہیں جن کا کیریئر ماضی میں مختلف تنازعات کا شکار رہا ہے۔