جوڈیشل کمپلیکس خودکش حملہ:متاثرین کو معاوضہ دینے کیلیے رقم نہیں،اسلام آباد ہائیکورٹ

ڈپٹی کمشنر آفس نے اسلام آباد ہائیکورٹ کو فنڈز نہ ہونے سے آگاہ کر دیا۔

September 9, 2026 · قومی

فائل فوٹو

اسلام آباد جوڈیشل کمپلیکس خودکش حملے کے متاثرین کو معاوضے کی عدم ادائیگی کے کیس میں ڈپٹی کمشنر آفس نے اسلام آباد ہائیکورٹ کو آگاہ کیا ہے کہ شہداء کے لواحقین کو معاوضہ دینے کے لیے الگ سے کوئی رقم مختص نہیں۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس ارباب محمد طاہر نے جوڈیشل کمپلیکس خودکش حملے کے متاثرین کو معاوضے کی ادائیگی کے لیے محمد آصف گجر ایڈووکیٹ کی درخواست پر سماعت کی۔

ڈپٹی کمشنر آفس کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا کہ شہداء کی فیملیز کو معاوضہ ادائیگی کے لیے رقم مختص نہیں کی گئی، جبکہ چیف کمشنر آفس کو خط لکھ کر فنڈز مختص کرنے کا کہا گیا ہے۔

عدالت کو بتایا گیا کہ ترلائی امام بارگاہ دھماکے میں جاں بحق اور زخمی افراد کے خاندانوں میں وزارت داخلہ سے فنڈز ملنے کے بعد معاوضے کے چیکس تقسیم کیے گئے تھے۔

درخواست گزار کے وکیل تصدق حنیف نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کا دوبارہ جواب آیا ہے کہ فنڈز نہیں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ انتظامیہ کے پاس بگھی پر بیٹھنے کے پیسے ہیں لیکن شہیدوں کو دینے کے لیے رقم نہیں ہے۔

عدالت نے آئی سی ٹی کے جوائنٹ سیکریٹری ایڈمن کو تمام متعلقہ ریکارڈ سمیت ذاتی حیثیت میں 15 ستمبر کو پیش ہونے کا حکم دے دیا، جس کے بعد کیس کی سماعت 15 ستمبر تک ملتوی کردی گئی۔