پیٹرولیم لیوی پر حکومت اور جماعت اسلامی کے مذاکرات ایک روز مؤخر
وزیراعظم پیٹرولیم لیوی سے متعلق مذاکرات منگل کو کرنا چاہتے ہیں، جس کے بعد مذاکرات کا تیسرا دور اب منگل کو ہوگا۔
فائل فوٹو
لاہور: حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان پیٹرولیم لیوی کے معاملے پر مذاکرات کا تیسرا دور ایک روز کے لیے مؤخر کردیا گیا ہے۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے جماعت اسلامی کے نائب امیر اور مذاکراتی کمیٹی کے سربراہ لیاقت بلوچ سے رابطہ کیا اور مذاکرات کے لیے مزید ایک دن کی مہلت طلب کی۔
لیاقت بلوچ کے مطابق احسن اقبال نے وزیراعظم شہباز شریف کا پیغام پہنچایا کہ وزیراعظم پیٹرولیم لیوی سے متعلق مذاکرات منگل کو کرنا چاہتے ہیں، جس کے بعد مذاکرات کا تیسرا دور اب منگل کو ہوگا۔
جماعت اسلامی کے رہنما کے مطابق حکومت نے مذاکرات کے لیے الگ کمیٹیاں تشکیل دے رکھی ہیں۔ پیٹرولیم لیوی سے متعلق مذاکرات منگل جبکہ آئی پی پیز کے معاملے پر بات چیت بدھ کو ہونے کا امکان ہے۔
دوسری جانب جماعت اسلامی نے 20 ستمبر کو اسلام آباد مارچ کی تیاریوں کے حوالے سے پی پی 169 کی سیاسی کونسل کا اجلاس بھی منعقد کیا۔ اجلاس میں لیاقت بلوچ نے مذاکراتی کمیٹی کے صدر اور اسلام آباد مارچ کے انچارج کی حیثیت سے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران اسلام آباد مارچ کی تیاریوں، تنظیمی امور اور آئندہ کے لائحہ عمل پر مشاورت کی گئی۔ اجلاس میں جماعت اسلامی کے مختلف رہنماؤں اور عہدیداروں نے شرکت کی۔