لاہور: ہربنس پورہ میں مبینہ طور پر زہریلا کھانا کھانے سے دو بچے جاں بحق، والدین کی حالت تشویشناک
لاہور کے علاقے ہربنس پورہ میں رات کا بچا ہوا سالن کھانے سے دو بچوں کی موت واقع ہو گئی۔
لاہور: ہربنس پورہ میں مبینہ طور پر زہریلا کھانا کھانے سے دو بچے جاں بحق، والدین کی حالت تشویشناک
لاہور کے علاقے ہربنس پورہ میں مبینہ طور پر زہریلا کھانا کھانے سے دو کمسن بچے جاں بحق ہو گئے جبکہ ان کے والدین کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق یہ دلخراش واقعہ سلامت پورہ کے ایک گھر میں پیش آیا جہاں میاں بیوی اور ان کے دو بچوں نے گزشتہ رات کا بچا ہوا آلو گوبھی کا سالن کھایا تھا۔ کھانا کھانے کے کچھ ہی دیر بعد چاروں کی طبیعت اچانک بگڑ گئی، جنہیں فوری طور پر طبی امداد کے لیے سروسز اسپتال منتقل کیا گیا۔ ہسپتال میں دورانِ علاج دونوں بچے جان کی بازی ہار گئے، جن کی شناخت قدیر اور عاصمہ کے نام سے ہوئی ہے جبکہ ان کے والدین کی حالت تاحال تشویشناک بنی ہوئی ہے اور انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی کرائم سین یونٹ اور فرانزک ماہرین جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور گھر سے کھانے کے نمونے سمیت دیگر اہم شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے۔ اس کے علاوہ واقعے کی تحقیقات کے لیے فوڈ ڈپارٹمنٹ کی ٹیم کو بھی طلب کر لیا گیا ہے جبکہ فوڈ سیفٹی ٹیموں نے علاقے کی دکانوں سے بھی مختلف اشیاء کے سیمپل اکٹھے کیے ہیں۔
فرانزک ماہرین نے ابتدائی طور پر شبہ ظاہر کیا ہے کہ کھانے میں چھپکلی گرنے کے باعث وہ زہریلا ہو گیا تھا، جس سے پوری فیملی متاثر ہوئی۔ پولیس نے قتل سمیت تمام ممکنہ پہلوؤں پر تفتیش کا آغاز کر دیا ہے، تاہم واقعے کی اصل وجوہات فرانزک اور طبی رپورٹس مکمل ہونے کے بعد ہی سامنے آئیں گی۔