کراچی: منگھو پیر میں 15 سالہ لڑکی سے زیادتی کا ملزم رنگے ہاتھوں گرفتار
مددگار 15 کی بروقت کارروائی سے تیس سالہ ملزم دبوچ لیا گیا، قانونی کارروائی شروع۔
کراچی کے علاقے منگھو پیر میں پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا۔
کراچی کے علاقے منگھو پیر میں کمسن لڑکی کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے والے ملزم کو پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے موقع پر ہی گرفتار کر لیا۔
پولیس ترجمان مددگار 15 کے مطابق کنٹرول روم کو منگھو پیر کے علاقے سے ایک پندرہ سالہ بچی کے ساتھ پیش آنے والے اس لرزہ خیز واقعے کی اطلاع موصول ہوئی تھی، جس پر پولیس نے فوری طور پر جائے وقوعہ کا رخ کیا۔
مددگار 15 کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پولیس نے موقع پر پہنچ کر کالر (متاثرہ بچی کے والد) سے رابطہ کیا جنھوں نے نشان دہی کی کہ تیس سالہ ملزم نے ان کی بیٹی کو زیادتی کا نشانہ بنایا ہے۔ پولیس نے ملزم کو حراست میں لے لیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم، متاثرہ بچی اور اس کے ورثاء کو ضابطے کی کارروائی کے لیے متعلقہ تھانے منتقل کر دیا گیا ہے جہاں ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔