کراچی: سرجانی ٹاؤن میں ماں اور3بچوں کا لرزہ خیز قتل

18 ماہ کی بچی زخمی ، تمام افراد کو تیز دھار آلے کے وار سے نشانہ بنایا گیا۔

September 14, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

پولیس کے مطابق تھانہ سرجانی ٹاؤن کے علاقے سیکٹر 7 ڈی میں 34 سالہ مہوش، 6 سالہ حرا ، 5 سالہ حنین اور18 ماہ کی اشمیرہ کو موت کے گھاٹ اتارا گیا۔

دوسری جانب پولیس نے بتایا کہ جاں بحق ہونے والی خاتون مہوش تینوں بچوں کی والدہ تھی جب کہ جاں بحق ہونے والے تینوں بچے ہیں، تمام افراد کو تیز دھار آلے کے وار سے نشانہ بنایا گیا۔18 ماہ کی اشمیرہ زخمی حالت میں ملی تھی جو بعد میں دم توڑ گئی۔

واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور لاشوں و زخمی بچے کو ہسپتال منتقل کیا۔مزید برآں پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں اور قتل کے محرکات جاننے کے لیے مختلف پہلوؤں سے تفتیش کی جا رہی ہے۔

دریں اثنا وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے اس لرزہ خیز واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی ویسٹ سے فوری اور تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔

انہوں نے پولیس کو ہدایت کی ہے کہ جائے وقوعہ سے تمام ممکنہ شواہد اکٹھے کیے جائیں، واقعے کی تمام پہلوؤں سے تحقیقات کی جائیں اور حقائق جلد از جلد سامنے لائے جائیں۔ انہوں نے زور دیا کہ جاں بحق افراد کی شناخت اور موت کی وجوہات کے حوالے سے تمام قانونی تقاضے پورے کیے جائیں اور جرم میں ملوث عناصر کی فوری گرفتاری عمل میں لائی جائے۔

دوسری جانب، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بھی سرجانی ٹاؤن کے اس تہرے قتل پر گہرے دکھ اور شدید افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے ایڈیشنل آئی جی کراچی سے فوری رپورٹ طلب کرتے ہوئے کہا کہ معصوم بچوں اور خاتون کا اس بے دردی سے قتل انتہائی دردناک اور ناقابلِ برداشت ہے۔

وزیراعلیٰ نے پولیس کو ہدایت کی کہ زخمی بچی کو بہترین طبی امداد فراہم کی جائے اور اس سفاکانہ واقعے میں ملوث ملزمان کو جلد از جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے تاکہ متاثرہ خاندان کو انصاف فراہم کیا جا سکے۔