سندھ ہائیکورٹ سے ضمانت مسترد،اقدام قتل کا ملزم پولیس حراست سے فرار

ملیر میمن گوٹھ اقدام قتل کیس میں ضمانت مسترد، اہل خانہ اور وکیل کی مداخلت

September 16, 2026 · قومی

فائل فوٹو

کراچی: سندھ ہائیکورٹ نے ملیر میمن گوٹھ میں اقدام قتل کے مقدمے میں ملزم بادشاہ کی ضمانت مسترد کردی، جس کے بعد ملزم پولیس حراست سے فرار ہوگیا۔

سندھ ہائیکورٹ میں ملیر میمن گوٹھ میں اقدام قتل کے مقدمے میں ملزم بادشاہ کی درخواست ضمانت کی سماعت ہوئی، جہاں عدالت نے ملزم کی ضمانت مسترد کردی اور اسے گرفتار کرنے کا حکم دیا۔

ضمانت مسترد ہونے پر ملزم نے عدالت سے فرار ہونے کی کوشش کی، جس پر تفتیشی افسر شعیب بلوچ نے اسے احاطہ عدالت سے حراست میں لے لیا۔ اس دوران ملزم کے اہل خانہ اور وکیل کی پولیس افسر سے ہاتھا پائی ہوئی، جبکہ اہل خانہ اور وکیل کی مداخلت پر ملزم پولیس حراست سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

مقدمے کے مطابق متعدد افراد نے ملزم کو چھڑانے کی کوشش کی۔ عدالتی حکم کے بعد ملزم کو گرفتار کرکے باہر لایا گیا، جبکہ مزاحمت کے دوران ایک وکیل اکبر چغتائی بھی موقع پر پہنچا۔

مقدمے کے متن کے مطابق ملزمان نے پولیس اہلکاروں سے گرفتار ملزم کو چھڑایا اور سرکاری امور میں مداخلت کی۔

ملزم کے خلاف تھانہ میمن گوٹھ میں اقدام قتل کا مقدمہ درج کیا گیا تھا، جبکہ پولیس حراست سے فرار ہونے کا مقدمہ بھی درج کرکے قانونی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔