اسلام آباد پر دھاوا نہیں بولا جاسکتا،ہر ممکن طریقے سے روکیں گے:محسن نقوی
فورسز کو احتجاج روکنے کی ہدایت،جانی نقصان کی ذمہ داری منتظمین پر ہوگی
فائل فوٹو
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے واضح کیا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کے بعد کسی صورت وفاقی دارالحکومت پر دھاوا نہیں بولا جاسکتا، جبکہ عدالتی فیصلے کی خلاف ورزی پر توہین عدالت کی درخواست دائر کی جائے گی۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ آج دہشت گردی کا افسوسناک واقعہ ہوا ہے، ایک طرف شہدا کے جنازے اٹھائے جارہے ہیں اور دوسری طرف دھرنوں کی تیاری کی جارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ فورسز کو بتادیا ہے کہ انہیں ہر ممکن طریقے سے روکیں گے، جوانوں کو بھی بتادیا ہے کہ اب ایسا نہیں ہوگا کہ وہ گولی چلائیں اور آپ چپ کرکے بیٹھے رہیں۔
محسن نقوی نے کہا کہ اگر احتجاج کرنا ہے تو اپنے علاقے اور شہر میں کریں۔ سیاسی جلسے جلوس اور جتھوں کی یلغار میں فرق ہوتا ہے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ اگر ایک بھی جان گئی تو اس کے ذمہ دار وہ ہوں گے جو اس جتھے کو جمع کررہے ہیں۔