قابل دست اندازی جرم کی اطلاع پر فوری مقدمہ درج کیا جائے،سپریم کورٹ

سپریم کورٹ نے یکم جنوری 2025 سے قتل کے مقدمات کا ریکارڈ مانگ لیا۔

September 18, 2026 · اہم خبریں, قومی

فائل فوٹو

اسلام آباد: سپریم کورٹ نے قابل دست اندازی جرم کی اطلاع ملتے ہی فوری مقدمہ درج کرنے کا اہم فیصلہ جاری کردیا۔

سپریم کورٹ کے جسٹس صلاح الدین پنہور نے 2012 میں سندھ کے علاقے دادو میں ہونے والے قتل کیس کے مجرم علی رضا کی نظرثانی اپیل مسترد کرتے ہوئے 7 صفحات پر مشتمل اہم فیصلہ جاری کردیا۔

سپریم کورٹ نے علی رضا کی اپیل مسترد کرتے ہوئے ٹرائل کورٹ اور ہائیکورٹ کی جانب سے سزا کے فیصلے کو برقرار رکھا۔ فیصلے میں کہا گیا کہ مجرم علی رضا پر 2012 میں دادو میں قتل کا الزام تھا، تاہم پولیس کو قتل کا علم ہونے کے باوجود 3 دن کی تاخیر سے مقدمہ درج کیا گیا۔

تحریری فیصلے کے مطابق ٹرائل کورٹ نے مجرم کو عمر قید اور ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی تھی، جس کے خلاف علی رضا نے ہائیکورٹ میں نظرثانی اپیل دائر کی، تاہم ہائیکورٹ نے سزا برقرار رکھی تھی۔

سپریم کورٹ نے قابل دست اندازی جرم کی اطلاع ملتے ہی فوری مقدمہ درج کرنے کا حکم دیتے ہوئے فیصلے میں کہا کہ مقدمہ درج کرنے میں تاخیر کے ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی جاسکتی ہے۔

تحریری فیصلے میں کہا گیا کہ مقدمہ درج کرنے میں تاخیر پر ٹرائل کورٹ نوٹس لے کر قانونی کارروائی کرسکتی ہے، جبکہ مقدمہ درج ہونے میں تاخیر ثابت ہونے پر معاملہ محکمانہ کارروائی کے لیے آئی جی کو بھی بھیجا جاسکتا ہے۔

سپریم کورٹ نے فیصلے میں کہا کہ مقدمہ درج کرنے میں تاخیر کو صرف بے قاعدگی کے طور پر نہیں دیکھنا چاہیے۔

عدالت نے پراسیکیوٹر جنرل سندھ کو یکم جنوری 2025 سے آج تک کے قتل کے مقدمات کی تفصیلات جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ایسے مقدمات کی تفصیلات فراہم کی جائیں جن میں 24 گھنٹے سے زائد کی تاخیر سے مقدمہ درج ہوا ہو۔

سپریم کورٹ نے کہا کہ دو ماہ کے اندر ضلع وار مقدمات کی تفصیلات فراہم کی جائیں۔ عدالت نے واضح کیا کہ آج کے بعد محمد بخش کیس کے احکامات پر عمل نہ کرنے والے اعلیٰ افسران کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی ہوگی۔

تحریری فیصلے میں کہا گیا کہ مقدمات کے اندراج میں تاخیر پر آئی جی، ایس پی انویسٹی گیشن اور ڈی پی او کے خلاف کارروائی ہوسکتی ہے۔

اس کے علاوہ عدالت نے محمد بخش کیس کا سندھی زبان میں ترجمہ کرکے ویب سائٹ پر اپ لوڈ کرنے کی ہدایت بھی کی۔