پیٹرول مہنگا بیچنے کی وجہ پوچھنے پر 2بھائیوں کو آگ لگادی گئی۔ملزمان فرار
واقعہ فیصل آباد کی تحصیل چک جھمرہ میں پیش آیا۔
فیول ریلیف اسکیم، پیٹرولیم ڈیلرز کا کمشنر کراچی سے رابطہ
فیصل آباد کی تحصیل چک جھمرہ میں نالہ والا بائی پاس روڈ (لیاقت چوک) کے قریب مبینہ غیر قانونی پیٹرول فروخت کرنے والے افراد نے مہنگا تیل بیچنے کی وجہ پوچھنے پر 2 بھائیوں کو پیٹرول چھڑک کر آگ لگا دی۔
ذرائع کے مطابق ندیم قادر (25) اور حافظ نعمان قادر (35) موٹر سائیکل کے لیے ایک غیر قانونی پیٹرول فروش سے پیٹرول خرید کر لے گئے، مبینہ طور پر اصل قیمت سے زیادہ رقم وصول کیے جانے پر دونوں بھائیوں اور پیٹرول فروشوں کے درمیان تلخ کلامی کے بعد ہاتھا پائی ہوگئی۔
رپورٹس کے مطابق مشتعل پیٹرول فروشوں حیدر علی، محمد وسیم اور حماد ملک نے مبینہ طور پر دونوں بھائیوں پر پیٹرول چھڑکا اور انہیں آگ لگا دی۔
مقامی افراد نے آگ بجھائی اور دونوں زخمیوں کو چک جھمرہ تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتال منتقل کیا، جہاں ڈاکٹروں نے انہیں فیصل آباد کے الائیڈ اسپتال کے برن یونٹ منتقل کرنے کی ہدایت کی۔
واقعے کے بعد مبینہ ملزمان علی، وسیم اور حماد ملک موٹر سائیکل پر فرار ہوگئے۔ پولیس نےگرفتاری کے لیے چھاپہ مار کارروائیاں شروع کر دیں۔