سری لنکن کرکٹ ٹیم کا پہلا دستہ اسلام آباد پہنچ گیا، ٹی ٹوئنٹی سیریز کی تیاریاں شروع
مہمان ٹیم کا پرتپاک استقبال، 13 رکنی دستہ پہنچا، پہلا میچ 9 اکتوبر کو ہوگا
سری لنکن کرکٹ ٹیم کے اسلام آباد آمد پر استقبال کی ایک جھلک
دورہ پاکستان کے لیے سری لنکا کی کرکٹ ٹیم کا پہلا دستہ اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ پہنچ گیا ہے جہاں حکام نے مہمان کھلاڑیوں کا پرتپاک استقبال کیا۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق ائیرپورٹ پہنچنے والے 13 رکنی دستے میں ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ کے 8 کھلاڑیوں سمیت 5 ٹیم منیجمنٹ آفیشلز شامل ہیں۔ سری لنکن اسکواڈ کے بقیہ 5 کھلاڑی منگل کے روز اسلام آباد پہنچیں گے۔
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان 3 میچز پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز کا آغاز 9 اکتوبر کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوگا۔ سیریز کے بقیہ دونوں میچز بھی راولپنڈی میں ہی 11 اور 13 اکتوبر کو کھیلے جائیں گے۔
اس سے قبل سری لنکا نے پاکستان کے خلاف سیریز کے لیے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا تھا جس کی قیادت کوشل مینڈس کریں گے۔ اسکواڈ کے دیگر کھلاڑیوں میں کامل مشارا، سنتھ جے وردھنے، لاہیرو اُدارا، سہان اراچیگے، کمندو مینڈس، دسُن شناکا، چمندو وکرما سنگھے، دونیتھ ویلالاگے، مہیش تھیکشانا، وجے اکانتھ ویاساکانتھ، دُشمانتا چمیرا، بینورا فرنانڈو، نوان توشارا اور ایشان ملنگا شامل ہیں۔ انجریز کے باعث پاتھم نسانکا اور ونیندو ہسارنگا اسکواڈ کا حصہ نہیں بن سکے۔ SQUAD LOCKED IN! 🇱🇰⚡ Here is your Sri Lanka T20I Squad for the upcoming tour of Pakistan! 🔥 #SriLankaCricket #PAKvSL pic.twitter.com/WMxqLMuCRO
ٹی ٹوئنٹی سیریز کے اختتام کے بعد دونوں ٹیمیں میزبان پاکستان اور انگلینڈ کے ساتھ 5 میچز کی سہ ملکی ون ڈے سیریز میں حصہ لیں گی جو 18 سے 31 اکتوبر تک راولپنڈی اور لاہور میں کھیلی جائے گی۔ اس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان ٹیسٹ میچز بھی کھیلے جائیں گے جو ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 2025-27 کا حصہ ہوں گے۔