وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی برطانوی اور پولش وزراء سے اہم ملاقاتیں

دو طرفہ تعاون، غیر قانونی امیگریشن کی روک تھام پر اتفاق، وفود کی ملاقاتیں جاری۔

October 7, 2026 · اہم خبریں
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی برطانوی اور پولش وزراء کے ساتھ ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے ہیں۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی برطانوی اور پولش وزراء کے ساتھ ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے ہیں۔

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری سے برطانوی وزیر مملکت برائے خارجہ امور سٹیفن ڈوٹی اور پولینڈ کے وزیر و کونسل آف منسٹرز کے سربراہ ٹوماش شیمونیاک نے الگ الگ اہم ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں میں سیکیورٹی، غیر قانونی امیگریشن، انسداد منشیات اور انسداد دہشتگردی کے شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

برطانوی وزیر مملکت سٹیفن ڈوٹی کے ساتھ ہونے والی ملاقات میں جعلی سٹوڈنٹ ویزوں کے ذریعے برطانیہ جانے کے رجحان کی روک تھام کے لیے مشترکہ طور پر سخت اقدامات اٹھانے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ اس موقع پر غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے لیے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کرنے پر اتفاق کیا گیا جبکہ مشترکہ ورکنگ گروپ کی 90 روزہ پیش رفت اور آئندہ کے لائحہ عمل کا جائزہ بھی لیا گیا۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جعلی سٹوڈنٹ ویزوں کے ذریعے بیرون ملک جانے والے پاکستانی طلبہ کے معاملے میں سخت جانچ پڑتال ضروری ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اینٹی نارکوٹکس فورس نے برطانیہ سمگل کی جانے والی 55 میٹرک ٹن منشیات ضبط کی ہیں۔ برطانوی وزیر نے پاکستان میں آن لائن فراڈ میں ملوث عناصر کے خلاف بھرپور کارروائیوں کو سراہا۔ ملاقات میں مشرق وسطیٰ کی صورتحال، افغانستان کے ساتھ سرحدی امور اور خطے میں کشیدگی میں کمی کے لیے سفارتی کوششیں جاری رکھنے پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔

دوسری جانب پولینڈ کے وزیر ٹوماش شیمونیاک کے ساتھ ملاقات میں سیکیورٹی، انٹیلی جنس شیئرنگ، انسداد دہشت گردی اور غیر قانونی مائیگریشن کے امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے بتایا کہ حکومت پاکستان نے منظم جرائم کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی ہے جس کے باعث یورپ کی جانب غیر قانونی امیگریشن میں 64 فیصد کمی آئی ہے۔ پولش وزیر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستانی شہریوں کو قانونی طریقے سے پولینڈ آمد پر خوش آمدید کہا جائے گا، جبکہ باہمی تعلقات کو فروغ دینے کے لیے وزارت داخلہ کا ایک اعلیٰ سطح کا وفد جلد پولینڈ کا دورہ کرے گا۔