پاکستانی فوجی دستے کئی دہائیوں سے سعودی عرب میں تعینات ہیں:ڈی جی آئی ایس پی آر

مکہ دفاعی اتحاد کے ہنگامی اجلاس میں اجتماعی دفاع پر فوری عملی پیش رفت کا فیصلہ

October 7, 2026 · قومی

فوٹو: فائل

ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے سعودی عرب میں پاکستانی فوجی دستوں کی موجودگی کی تصدیق کردی۔

امریکی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان کئی دہائیوں سے دفاعی تعلقات ہیں اور پاکستان کے دستے کئی دہائیوں سے سعودی عرب میں متعین ہیں۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ مکہ معاہدے کے تحت سعودی عرب میں موجود پاکستانی دستے مختلف ڈومینز سے تعلق رکھتے ہیں۔

گزشتہ دنوں مکہ دفاعی اتحاد نے ضروری فوجی قوت اور صلاحیتیں سعودی عرب میں فوری تعیناتی کے لیے فراہم کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پیر کے روز مکہ دفاعی اتحاد کی اسٹریٹجک سیاسی و دفاعی کمیٹی کا ہنگامی اجلاس ریاض میں ہوا، جس میں پاکستان، سعودی عرب اور ترکیے کے نمائندوں نے شرکت کی۔

اجلاس میں اجتماعی دفاعی وعدوں پر فوری عملی پیش رفت کا فیصلہ کیا گیا جبکہ ضروری فوجی قوت اور صلاحیتیں سعودی عرب میں فوری تعیناتی کے لیے فراہم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا کہ تینوں ممالک کی سلامتی اجتماعی سلامتی کا لازمی حصہ ہے۔ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کو عملی اقدامات میں تبدیل کرنا اجتماعی دفاع کے عزم کی ساکھ ظاہر کرتا ہے۔