ایک طرف وائی فائی نیٹ ورک اور دوسری طرف موبائل فون، ٹیکنالوجی پاکستان میں آگئی
سگنلز غائب، وائی فائی کالنگ کا استعمال، معمولات زندگی متاثر
اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے ملک بھر میں موبائل سگنلز کی کمی اور مسائل سے متعلق عوامی آگاہی کے لیے وائی فائی کالنگ (وی او وائی فائی) کا استعمال کرنے کی اہم ہدایات جاری کی ہیں۔
پی ٹی اے کے جاری کردہ بیان کے مطابق اگر گھر یا دفتر کے اندر موبائل سگنلز کمزور ہوں تو وائی فائی کالنگ صارفین کے لیے انتہائی مددگار ثابت ہوسکتی ہے۔ اس جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے موبائل فون کالز کے لیے روایتی موبائل نیٹ ورک کے بجائے دستیاب وائی فائی انٹرنیٹ کنکشن استعمال کیا جاسکتا ہے۔ تاہم، یہ سہولت متعلقہ موبائل آپریٹر اور ڈیوائس کی جانب سے معاونت کی صورت میں ہی دستیاب ہوگی۔
پی ٹی اے نے صارفین کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے موبائل فون کی سیٹنگز میں جاکر وائی فائی کالنگ کا آپشن فعال کریں۔ اتھارٹی کے مطابق اس آپشن کو آن کرنے کے بعد صارف قریبی وائی فائی نیٹ ورک سے منسلک ہوکر کمزور سگنلز والے علاقوں میں بھی بلاتعطل کالنگ کی سہولت سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ اس ٹیکنالوجی کا مؤثر استعمال مکمل طور پر موبائل ڈیوائس اور متعلقہ موبائل آپریٹر کی معاونت پر منحصر ہے۔
دوسری جانب خیبر پختونخوا میں لانگ مارچ کے تناظر میں سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر مختلف علاقوں بالخصوص پشاور میں موبائل سروس عارضی طور پر معطل رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق خیبر پختونخوا حکومت کے اس لانگ مارچ کے دوران سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے یہ اقدامات اٹھائے گئے، جس سے معمولات زندگی اور کاروباری و دفتری امور جزوی طور پر متاثر ہوئے۔ متعلقہ حکام کا کہنا ہے کہ لانگ مارچ کی پیش رفت اور سیکیورٹی صورتحال بہتر ہونے کے ساتھ ہی موبائل سروسز کو مکمل طور پر بحال کر دیا جائے گا۔