ملک کے بیشتر علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری کی پیشگوئی
اہم پیش رفت، پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کر دیا، نفاذ فوری ہوگا۔
ملک کے مختلف شہروں میں بارش اور گرج چمک کی پیشگوئی کے دوران آسمان پر بادل چھائے ہوئے ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ ویک اینڈ سے ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہونے کا امکان ہے جو 15 اکتوبر تک برقرار رہے گا۔ اس دوران پنجاب، اسلام آباد، خیبر پختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور چند مقامات پر ژالہ باری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 10، 11، 13 اور 14 اکتوبر کو لاہور، راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ اور دیگر اضلاع میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے ترجمان کے مطابق بارشوں کے پیش نظر پنجاب بھر میں الرٹ جاری کر دیا گیا ہے اور متعلقہ اداروں کو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے نے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے خدشے کے پیش نظر کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو باضابطہ ہدایات جاری کی ہیں۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے کراچی میں بھی پیر کے روز سے گرمی میں اضافے اور درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کی پیشگوئی کی ہے۔ ادھر سعودی عرب میں مکہ مکرمہ کے مختلف علاقوں میں بارش کے دوران مسجد الحرام میں عمرہ زائرین عبادت اور طواف میں مصروف رہے جبکہ حرمین شریفین انتظامیہ نے زائرین کی سلامتی کے لیے خصوصی انتظامات مکمل کیے۔