برطانوی پارلیمانی ضمنی انتخاب، صومالیہ نژاد باحجاب خاتون ساگل عبدی ولی کامیاب

اہم کامیابی، لیبر پارٹی کی امیدوار نے میدان مار لیا، سابق وزیراعظم کی نشست پر انتخاب ہوا۔

October 10, 2026 · اہم خبریں
برطانوی پارلیمنٹ کے ضمنی الیکشن میں کامیابی حاصل کرنے والی ساگل عبدی ولی

برطانوی پارلیمنٹ کے ضمنی الیکشن میں کامیابی حاصل کرنے والی ساگل عبدی ولی

لندن میں برطانوی پارلیمنٹ کی ایک نشست پر ہونے والے ضمنی الیکشن میں صومالیہ نژاد باحجاب خاتون ساگل عبدی ولی نمایاں کامیابی حاصل کرکے ممبر پارلیمنٹ منتخب ہوگئیں۔ برطانوی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ نشست سابق برطانوی وزیر اعظم سر کیئر اسٹارمر کے استعفی کے بعد خالی ہوئی تھی، جس پر سخت مقابلے کے بعد فیصلہ کن نتائج سامنے آئے۔

میڈیا کے فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق لیبر پارٹی کی امیدوار 42 سالہ ساگل عبدی ولی نے 12,292 ووٹ حاصل کرکے اپنے حریفوں کو شکست دی۔ الیکشن میں کامیابی کے بعد اپنے افتتاحی بیان میں انہوں نے کہا کہ اس حلقے کی نمائندگی کرنا ان کے لیے ایک بڑا اعزاز ہے اور حلقے کے عوام بہتر مستقبل کی امید کی طرف دیکھ رہے ہیں۔

انتخابی نتائج کے مطابق اس معرکے میں گرین پارٹی کا امیدوار دوسرے، کنزرویٹیو پارٹی کا امیدوار تیسرے جبکہ ریفارم یوکے کا امیدوار چوتھے نمبر پر رہا۔ اس ضمنی انتخاب میں شکست کے بعد گرین پارٹی کے لیڈر زیک پولانسکی کی قیادت بھی شدید خطرے میں پڑ گئی ہے۔ سیاسی تجزیہ کاروں کے نزدیک اس نشست پر لیبر پارٹی کی جیت کو موجودہ سیاسی منظر نامے میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔