امریکا اور ایران کے درمیان 7 اہم نکات پر مذاکرات جاری ہیں، دفتر خارجہ
سفارتی پیش رفت، پاکستان ثالثی کا خواہاں، اسلام آباد اہم کردار ادا کر رہا ہے
دفتر خارجہ اسلام آباد میں ہفتہ وار میڈیا بریفنگ کا ایک منظر
اسلام آباد میں ہفتہ وار میڈیا بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ سجاد حیدر خان نے انکشاف کیا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان 7 نکات پر بات چیت کا سلسلہ جاری ہے، اور امریکا کی جانب سے بھی ایران کے پیش کردہ 7 نکات پر اپنا مؤقف شیئر کر دیا گیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق، دونوں ممالک کے درمیان قائم ہونے والے براہ راست رابطے دراصل پاکستان کی مسلسل ثالثی کوششوں کا نتیجہ ہیں، جبکہ اس سلسلے میں ایک مفاہمتی یادداشت اسلام آباد میں پہلے سے موجود ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ زیرِ بحث آنے والے بعض نکات اسی پرانی مفاہمتی یادداشت سے مکمل مطابقت رکھتے ہیں۔
دفتر خارجہ کے ترجمان نے اس بات پر زور دیا کہ امریکا اور ایران کے مابین موجودہ تنازع کے پرامن حل کے لیے پاکستان سمیت دیگر اہم ممالک کا کردار بھی جاری ہے۔ پاکستان کا بنیادی موقف یہ ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان براہ راست تعاون کو فروغ دیا جائے، خطے میں کشیدگی میں کمی لائی جائے اور مذاکرات کے ذریعے تمام تنازعات کو حل کیا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر ضرورت پیش آئی تو پاکستان امریکا اور ایران کے درمیان دوبارہ ثالثی کے فرائض انجام دینے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔