وزیرِ خزانہ بنکاک روانہ، خصوصی اقتصادی زونز میں 76 ارب کی سرمایہ کاری کی منظوری

عالمی مالیاتی اجلاس، معاشی اصلاحات پر بریفنگ، سرمایہ کاری میں اضافہ

October 10, 2026 · اہم خبریں
وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب عالمی مالیاتی اجلاسوں میں شرکت اور ایس آئی ایف سی کی سہولت کاری سے معاشی سرگرمیوں کو فروغ۔

وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب عالمی مالیاتی اجلاسوں میں شرکت اور ایس آئی ایف سی کی سہولت کاری سے معاشی سرگرمیوں کو فروغ۔

وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) اور عالمی بینک کے سالانہ اجلاسوں میں شرکت کے لیے بنکاک روانہ ہو گئے ہیں۔ وزارتِ خزانہ کے مطابق دورے کے دوران وزیرِ خزانہ کی عالمی مالیاتی اداروں، بین الاقوامی سرمایہ کاروں، عالمی بینکوں، کریڈٹ ریٹنگ ایجنسیوں اور مختلف ممالک کے حکام کے ساتھ 60 سے زائد اعلیٰ سطحی ملاقاتیں شیڈول ہیں۔ دورے کا بنیادی مقصد عالمی مالیاتی اداروں اور ترقیاتی شراکت داروں کے ساتھ روابط مضبوط بنانا، پاکستان کے معاشی منظرنامے اور ساختی اصلاحات پر پیش رفت سے آگاہ کرنا اور ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے نئے مواقع تلاش کرنا ہے۔

محمد اورنگزیب کی آئی ایم ایف، عالمی بینک اور دیگر بین الاقوامی مالیاتی اداروں کی قیادت سے ملاقاتیں متوقع ہیں، جن میں پاکستان کی معاشی صورت حال، جاری اصلاحاتی اقدامات اور پائیدار اقتصادی ترقی کے امکانات پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔ وزیرِ خزانہ عالمی سرمایہ کاروں اور مالیاتی اداروں کے نمائندوں کے سامنے پاکستان میں سرمایہ کاری، برآمدات کے فروغ اور نجی شعبے کی ترقی کے امکانات بھی اجاگر کریں گے۔ دورے کے دوران وزیرِ خزانہ کی سعودی عرب، چین، ترکیہ، ایران، برطانیہ اور تھائی لینڈ کے ہم منصبوں سے ملاقاتیں بھی متوقع ہیں، جن میں دوطرفہ اقتصادی تعاون بڑھانے، سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے اور پاکستان کے اصلاحاتی ایجنڈے پر گفتگو کی جائے گی۔ وزارتِ خزانہ کا کہنا تھا کہ عالمی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسیوں فچ ریٹنگز، موڈیز اور ایس اینڈ پی گلوبل کے نمائندوں سے ملاقاتیں بھی شیڈول ہیں، جن میں پاکستان کی معاشی پیش رفت اور مالیاتی استحکام کے حوالے سے اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کیا جائے گا۔

دریں اثنا، خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کی مسلسل کوششوں اور سہولت کاری کے نتیجے میں پاکستان کے خصوصی اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جبکہ پنجاب کے خصوصی اقتصادی زونز میں زیر التوا کاروباری درخواستوں کی منظوری کا عمل بھی تیز ہو گیا ہے۔ ایس آئی ایف سی کی مؤثر سہولت کاری اور مسلسل فالو اپ کے باعث ستمبر کے دوران پنجاب کے خصوصی اقتصادی زونز میں مجموعی طور پر 34 کاروباری درخواستوں کی منظوری دی گئی، جس سے 76 ارب روپے سے زائد کی سرمایہ کاری کی راہ ہموار ہوئی ہے۔ سرکاری دستاویزات اور رپورٹس کے مطابق خصوصی اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری کے ان منصوبوں سے ٹیکسٹائل، کیمیکلز، زرعی پروسیسنگ اور دیگر صنعتی شعبوں میں کاروباری سرگرمیوں کو فروغ ملے گا، جبکہ ان شعبوں میں 7 ہزار سے زائد ممکنہ روزگار کے مواقع بھی پیدا ہونے کی توقع ہے۔ حکومتی ترجیحات میں برآمدات میں اضافہ، سرمایہ کاری کا فروغ اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنا شامل ہے تاکہ معاشی استحکام کے ثمرات کو عملی اقتصادی سرگرمیوں اور کاروباری مواقع میں تبدیل کیا جا سکے۔