خیبرپختونخوا کی صورتحال پر وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس شروع
خیبرپختونخوا کی امن و امان کی صورتحال، دہشت گردی کے بڑھتے واقعات اور سکیورٹی سے متعلق چیلنجز کا جائزہ لیا جا رہا ہے
خیبرپختونخوا کی صورتحال پر وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس شروع
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس شروع ہوگیا ہے، جس میں خیبرپختونخوا کی امن و امان کی صورتحال، دہشت گردی کے بڑھتے واقعات اور سکیورٹی سے متعلق چیلنجز کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
اجلاس میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیر مملکت طلال چوہدری، امیر مقام، سید عمران شاہ، حنیف عباسی، معین وٹو، پرویز خٹک، احد چیمہ، مصطفیٰ کمال اور ہارون اختر سمیت دیگر وفاقی وزرا شریک ہیں۔
حکومتی ذرائع کے مطابق کابینہ اجلاس میں خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کے واقعات، سکیورٹی انتظامات اور انتظامی امور پر تفصیلی غور کیا جائے گا۔ اس حوالے سے پولیس اور سکیورٹی اداروں کی خصوصی رپورٹس بھی وزیراعظم اور کابینہ کے سامنے پیش کیے جانے کا امکان ہے۔
اجلاس کے ایجنڈے میں صوبے میں امن و استحکام کی بحالی، سکیورٹی صورتحال میں بہتری اور حکومتی امور سے متعلق معاملات شامل ہیں۔ حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا کی صورتحال پر اہم آئینی اور انتظامی اقدامات سے متعلق فیصلے بھی زیر غور آسکتے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان ملاقات ہوئی تھی، جس میں ملک کی مجموعی سیاسی اور سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں خیبرپختونخوا میں گورنر راج یا ایمرجنسی کے نفاذ سے متعلق معاملہ بھی زیر بحث آیا۔ اطلاعات کے مطابق 13 اکتوبر کو قومی اسمبلی اور سینیٹ کے الگ الگ اجلاس بلانے کا بھی امکان ہے۔ تاہم گورنر راج یا ایمرجنسی کے نفاذ سے متعلق کسی حتمی فیصلے کی تصدیق سرکاری اعلان کے بعد ہی ہوسکے گی۔