روسی تیل تنصیبات پر حملے نہ روکنے پر امریکا کی یوکرین کو دھمکی
اہم پیش رفت، روس امریکا کو ڈیزل فراہم کرے گا، نفاذ فوری ہوگا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور روس کے درمیان توانائی کے شعبے میں ہونے والے معاہدے کا منظر۔
امریکی انتظامیہ نے روسی توانائی تنصیبات اور آئل ریفائنریز پر حملے روکنے کے لیے یوکرین پر دباؤ ڈالنے کی غرض سے اسے ہتھیاروں کی فراہمی معطل کرنے کی دھمکی دی ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق یورپی حکام نے بتایا ہے کہ امریکا، روس کی آئل ریفائنریز پر حملے رکوانے کے لیے مسلسل لابنگ کر رہا ہے اور اس سلسلے میں انٹیلی جنس معلومات کے تبادلے اور ہتھیاروں کی فراہمی کا نظام معطل کرنے کی تنبیہ بھی کی گئی ہے۔
دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے ٹیلی فونک گفتگو کے بعد اعلان کیا ہے کہ روس امریکا اور عالمی منڈی کو فوری طور پر 3 لاکھ ٹن سے زائد ڈیزل فراہم کرے گا۔ کریملن کے مطابق اس ڈیڑھ گھنٹے طویل گفتگو میں یوکرین بحران کے حل، امن مذاکرات کی بحالی اور ایران کی صورتِ حال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
صدر ٹرمپ کا کہنا ہے کہ روس نومبر میں مزید 5 لاکھ ٹن ڈیزل فراہم کرے گا جس کے بعد مزید ڈیزل کی فراہمی کا سلسلہ بھی شروع ہوگا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ روسی توانائی کی فراہمی سے امریکیوں اور دنیا بھر میں ڈیزل کی قیمتوں میں ریکارڈ کمی آئے گی، اور امریکی کسانوں، مویشی پالنے والوں اور ٹرک ڈرائیوروں کے لیے قیمتوں میں کمی اولین ترجیح ہے۔