صوبے کی صورتحال پر غور کے لیے گورنر خیبر پختونخوا کی زیر صدارت اپیکس کمیٹی کا اجلاس آج طلب

سیکیورٹی امور کا جائزہ، اہم فیصلے متوقع ہیں

October 12, 2026 · اہم خبریں
گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی

گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی

 

گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے صوبائی اپیکس کمیٹی کا اہم اجلاس آج طلب کر لیا ہے۔ اجلاس کی صدارت گورنر خیبر پختونخوا کریں گے جبکہ اس میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی شرکت بھی متوقع ہے۔

ایپکس کمیٹی اجلاس میں اعلیٰ عسکری حکام بھی شریک ہوں گے اور اس دوران خیبر پختونخوا کے 12 حساس اضلاع کے حوالے سے اہم فیصلے متوقع ہیں۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں صوبے کے ان 12 اضلاع میں فوج کی تعیناتی اور اس حوالے سے دیگر ضروری اقدامات پر گہرائی سے غور کیا جائے گا۔

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف خیبر پختونخوا کے سیکرٹری اطلاعات شوکت یوسفزئی نے صوبے میں ایمرجنسی اور ممکنہ گورنر راج کے نفاذ پر اپنے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی حکومت کے فیصلے کو یکسر مسترد کر دیا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا ہے کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) نے عوام کے مینڈیٹ کو بلڈوز کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوامی راج ہٹا کر کوئی بھی راج کامیاب نہیں ہو سکتا کیونکہ عوام کے بھاری مینڈیٹ سے قائم ہونے والی حکومت کا کوئی متبادل نہیں۔

پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ حکومت نے مولانا فضل الرحمن کے ساتھ کمٹمنٹ کر کے دھوکا دیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ تحریک انصاف نے ہمیشہ دہشت گردی کی بھرپور مذمت کی ہے اور ہم اپنے آئینی و قانونی جائز حقوق کے لیے پرامن سیاسی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ شوکت یوسفزئی نے مطالبہ کیا کہ حکومت وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی اور صوبائی صدر جنید اکبر سمیت تمام گرفتار رہنماؤں اور کارکنوں کو فوری طور پر رہا کرے۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ کشیدگی کے دوران مذاکرات کے ذریعے معاملات خوش اسلوبی سے طے ہو سکتے تھے، لیکن حکومت نے اس ضمن میں انتہائی جلد بازی کا مظاہرہ کیا ہے۔