طالبہ سے 90 لاکھ بٹور کر اس کی موت کا سبب بننے والے نعمان کا 5 روزہ جسمانی ریمانڈ

جوڈیشل مجسٹریٹ زنیرہ ظفر نے ملزم کو تفتیش کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا

October 12, 2026 · قومی
ملزم نعمان کو عدالت میں پیشی کے بعد واپس لے جایا جا رہا ہے

ملزم نعمان کو عدالت میں پیشی کے بعد واپس لے جایا جا رہا ہے

انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی کی سابقہ طالبہ لائبہ اعجاز سے امریکی یونیورسٹی میں داخلے کے نام پر 90 لاکھ روپےسے زائد بٹورنے اور فراڈ کے بعد طالبہ کی مبینہ خودکشی کا سبب بننے والے مرکزی ملزم کا 5 روزہ جسمانی ریمانڈ دے دیا گیا ہے۔

پولیس نے مرکزی ملزم نعمان کو آج ڈسٹرکٹ جوڈیشل کمپلیکس اسلام آباد میں پیش کر دیا۔ جوڈیشل مجسٹریٹ زنیرہ ظفر نے سماعت کے دوران ملزم کو مزید تفتیش اور لائبہ کے خاندان کے ساتھ کیے گئے فراڈ کے کیس میں شواہد اکٹھا کرنے کے لیے 5 دن کے جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔

عدالت کی جانب سے تفتیشی افسر کی جانب سے دائر کی جانے والی جسمانی ریمانڈ کی استدعا منظور کی گئی تاکہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا احاطہ کیا جا سکے اور انصاف کے تقاضے پورے کیے جا سکیں۔ پولیس نے پانچ روز کے ریمانڈ کی ہی درخواست کی تھی جو منظور کرلی گئی۔