ملتان میں رحمان بابا ایکسپریس حادثے کا شکار، 5 مسافر جاں بحق، 30 زخمی
حادثے کے بعد امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئیں، جبکہ ریسکیو ٹیموں نے زخمیوں کو نشتر اسپتال ملتان منتقل کیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے
ملتان میں رحمان بابا ایکسپریس حادثے کا شکار، 5 مسافر جاں بحق، 30 زخمی
ملتان میں شیر شاہ پل کے قریب کراچی سے پشاور جانے والی رحمان بابا ایکسپریس کی تمام 15 بوگیاں پٹری سے اتر گئیں، جس کے نتیجے میں 5 مسافر جاں بحق اور 30 زخمی ہو گئے۔
پولیس حکام کے مطابق حادثے کے بعد امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئیں، جبکہ ریسکیو ٹیموں نے زخمیوں کو نشتر اسپتال ملتان منتقل کیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹرین کی رفتار تیز تھی، جس کے باعث بوگیاں پٹری سے اتر کر الٹ گئیں۔ ایک مسافر کے مطابق حادثہ صبح سوا پانچ بجے پیش آیا۔ مسافر نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ روہڑی کے قریب ٹرین کی نویں بوگی کے نٹ بولٹ درست کیے گئے تھے۔
حادثے کے بعد متاثرہ مسافر اپنے سامان کے ساتھ ریلوے ٹریک کے کنارے بیٹھے رہے، جبکہ امدادی اہلکاروں کی جانب سے کارروائیاں جاری رہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے رحمان بابا ایکسپریس کی بوگیاں پٹری سے اترنے کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے زخمیوں سے افسوس کا اظہار کیا اور متعلقہ حکام کو امدادی سرگرمیاں تیز کرنے سمیت زخمیوں کو ہر ممکن طبی سہولت فراہم کرنے کی ہدایت کی۔