پاکستان قدرتی آفات سے نمٹنے میں قائدانہ کردار ادا کرسکتا ہے،صدر زرداری
قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے صرف نقصان کے بعد اقدامات کرنا کافی نہیں، بلکہ پیشگی تیاری، مؤثر منصوبہ بندی اور بروقت معلومات کی فراہمی ناگزیر ہے
پاکستان قدرتی آفات سے نمٹنے میں قائدانہ کردار ادا کرسکتا ہے،صدر زرداری(فائل فوٹو)
اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں اور قدرتی آفات کے خلاف جدوجہد میں صرف متاثرہ ملک نہیں بلکہ عالمی سطح پر قائدانہ کردار ادا کرنے کی صلاحیت بھی رکھتا ہے۔
قدرتی آفات کے خطرات میں کمی کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے صرف نقصان کے بعد اقدامات کرنا کافی نہیں، بلکہ پیشگی تیاری، مؤثر منصوبہ بندی اور بروقت معلومات کی فراہمی ناگزیر ہے۔
آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ پاکستان کا قومی نظام قدرتی آفات کے خطرات کی پیشگی نشاندہی کے لیے اہم کام کرچکا ہے۔ مقامی آبادیوں اور حکومتوں کو مضبوط بنانا بھی ضروری ہے، کیونکہ قدرتی آفات کے خلاف تحفظ کی پہلی صف یہی ہوتی ہے۔
صدر مملکت نے زور دیا کہ قدرتی آفات کے خطرات کم کرنے کے لیے علاقائی تعاون کو فروغ دیا جائے اور خطے کے ممالک مشترکہ خطرات سے نمٹنے کے لیے مل کر کام کریں۔ ان کے مطابق قبل از وقت انتباہ سے متعلق معلومات سرحدوں کے پار فوری طور پر پہنچانے سے ممکنہ نقصانات میں کمی لائی جاسکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان سیلاب، زلزلوں، شدید گرمی کی لہروں اور خشک سالی جیسے چیلنجز کا سامنا کرچکا ہے۔ ملک قدرتی آفات کے نتیجے میں انسانی جانوں، گھروں اور لوگوں کی امیدوں کو پہنچنے والے نقصانات کی سنگینی سے بخوبی آگاہ ہے۔
صدر آصف علی زرداری نے مشترکہ دریاؤں اور قدرتی آفات سے وابستہ خطرات کے حوالے سے وسیع تر عالمی تعاون کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ باہمی اشتراک، بروقت معلومات کے تبادلے اور پیشگی تیاری کے ذریعے قدرتی آفات سے ہونے والے نقصانات کو کم کیا جاسکتا ہے۔