پی ٹی آئی کی حمایت میں کالعدم فتنہ الخوارج کے پیغام پر ثمر ہارون بلور کا رد عمل

کالعدم دہشت گرد تنظیم کا اس حد تک پریشان ہو کر بیانات جاری کرنا انتہائی معنی خیز اور تشویشناک ہے ،مشیرِ اطلاعات ثمر ہارون بلور

October 13, 2026 · اہم خبریں, قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

پشاور: خیبر پختونخوا ایڈوائزری کونسل کی مشیرِ اطلاعات ثمر ہارون بلور نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حمایت میں کالعدم فتنہ الخوارج (ٹی ٹی پی) سے منسوب پیغام پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ صوبے میں آئینی تبدیلی اور سابق پی ٹی آئی حکومت کے خاتمے پر ایک بین الاقوامی سطح پر جانی مانی اور کالعدم دہشت گرد تنظیم کا اس حد تک پریشان ہو کر بیانات جاری کرنا انتہائی معنی خیز اور تشویشناک ہے۔

ثمر ہارون بلور کا کہنا تھا کہ کالعدم تنظیم کا اس طرح تحریک انصاف کی حمایت میں سامنے آنا اس بات کا غماز ہے کہ یہ عناصر پچھلی حکومت کے دور میں کافی مطمئن تھے اور موجودہ آئینی و انتظامی تبدیلی سے ان کے مفادات کو زک پہنچی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس قسم کے بیانات نے ایک بار پھر دونوں کے درمیان مبینہ گٹھ جوڑ اور فکری ہم آہنگی کو بے نقاب کر دیا ہے، جس پر ریاست اور عوام دونوں کو گہری نظر رکھنے کی ضرورت ہے۔