کراچی میں نومبر کے آغاز تک گرمی کی لہر برقرار رہنے کا امکان
موسمیاتی رپورٹ، سمندری ہوائیں بند ہونے سے حبس، بالائی علاقوں میں بارشیں، کشمیر میں ژالہ باری۔
کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں موسمی صورتحال کے دوران آسمان کا منظر۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں اکتوبر کے دوران موسم معمول سے گرم محسوس کیا جا رہا ہے جبکہ نومبر کا پہلا ہفتہ بھی گرم رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ شہر قائد میں سمندری ہوائیں بند ہونے کے باعث حبس کی کیفیت ہے اور گرمی زیادہ محسوس کی جا رہی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا موجودہ درجہ حرارت 27 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، تاہم یہ 30 ڈگری سینٹی گریڈ محسوس ہو رہا ہے اور دن کے دوران درجہ حرارت 30 سے 32 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ شہر میں ہوا میں نمی کا تناسب 84 فیصد ہے جبکہ ہوائیں 8 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں۔ آج سے اگلے 10 سے 14 دنوں تک دن اور رات دونوں اوقات میں درجہ حرارت گرم اور معمول سے تھوڑا زیادہ رہے گا جبکہ فی الحال بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔
دوسری جانب ملک کے بالائی علاقوں میں بارش اور کشمیر میں ژالہ باری کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ محکمہ موسمیات کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق کشمیر میں گڑھی دوپٹہ میں 24 ملی میٹر، مظفرآباد شہر میں 22، مظفرآباد ایئرپورٹ پر 15 اور کوٹلی میں 2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ خیبر پختونخوا میں بالاکوٹ میں 15 ملی میٹر، پارہ چنار میں 14، تخت بھائی میں 13، پشاور شہر میں 12، دروش اور کاکول میں 11، پٹن میں 10، دیر بالا اور مالم جبہ میں 9، دیر زیریں میں 8، کالام میں 7 جبکہ سوات کے سیدو شریف اور چترال میں 6 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔
رپورٹ کے مطابق میر خانی میں 5 ملی میٹر، باچا خان ایئرپورٹ پر 1 ملی میٹر اور پشاور ایئرپورٹ پر بھی 1 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ گلگت بلتستان میں سکردو میں 9 ملی میٹر، استور میں 8، گلگت میں 5، گوپس میں 2 جبکہ بنجی اور چلاس میں 1، 1 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق سندھ اور بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور گرم رہنے کی توقع ہے۔