ایمرجنسی اور گورنر راج کو کل پشاور ہائیکورٹ میں چیلنج کریں گے، محمود خان اچکزئی کا اعلان
کل میں خود، اختر مینگل سمیت 3 لوگ سینئر شہری کی حثیت سے پشاور جائیں گے اور حکومتی اقدام چیلنج کریں گے، اپوزیشن رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس
فائل فوٹو
اسلام آباد: اپوزیشن اتحاد تحریک تحفظ آئین پاکستان نے خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج پشاور ہائی کورٹ میں چیلنج کرنے کا اعلان کردیا۔
تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف محمود خان اچکزئی نے پارلیمنٹ ہاؤس میں اپوزیشن رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ گورنر راج اور ایمرجنسی کو کل پشاور ہائی کورٹ میں چیلنج کریں گے۔کل میں خود، اختر مینگل سمیت 3 لوگ سینئیر شہری کی حثیت سے پشاور جائیں گے اور حکومتی اقدام چیلنج کریں گے۔
اس موقع پر چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر خان نے کہا کہ اپوزیشن کے 56 اراکین نے آج ایمرجنسی اور گورنر راج کی بھرپور مخالفت کی، غیرآئینی اور غیر قانونی طریقےسے حکومت ختم کرنے کی مذمت کرتے ہیں۔یہ صوبے یا پی ٹی آئی کا نہیں وفاق کا معاملہ ہے، وقت ثابت کرے گا یہ غلط فیصلہ تھا، آپ کے کچھ لوگ نہیں چاہتے تھے کہ مذاکرات کامیاب ہوں کیونکہ وہ حکومت گرانا چاہتے تھے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ آپ نے انتظامیہ تبدیل کی، آپ نے وزیر اعلیٰ، اسپیکر اور ارکان کو گرفتار کیا، کیا یہ آئین کے تحت ایمرجنسی تھی یا ماورائے آئین ایمرجنسی تھی، ہم نے معاہدے میں لکھا تھا کہ بانی کے ذاتی ڈاکٹر ملیں اور ہم چاہتے تھے کہ محمود اچکزئی اور دیگر رفقا اور وکلا بھی ملاقات کریں۔ایک حکومتی ٹولہ چاہتا تھا کہ مذاکرات کامیاب نہ ہوں، وزیر اعظم خود فیصلہ کریں۔