گلگت بلتستان کے شہری علاقوں میں بلدیاتی انتخابات 5 دسمبر کو کرانے کا اعلان

بلدیاتی انتخابات چار مراحل میں منعقد کیے جائیں گے جب کہ انتخابات کے انعقاد کے لیے تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں ، چیف الیکشن کمشنر

October 15, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان راجہ شہباز خان کے مطابق بلدیاتی انتخابات چار مراحل میں منعقد کیے جائیں گے جب کہ انتخابات کے انعقاد کے لیے تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔

چیف الیکشن کمشنر راجہ شہباز خان کے مطابق پہلے مرحلے میں 5 دسمبر کو گلگت، سکردو اور چلاس کے شہری علاقوں میں بلدیاتی انتخابات ہوں گے، میونسپل کارپوریشن گلگت کی 42، سکردو کی 21 اور چلاس کی 13 نشستوں پر براہِ راست انتخاب ہوگا۔

انہوں نے بتایا کہ میونسپل کارپوریشن گلگت میں خواتین کے لیے 7 مخصوص نشستیں مختص کی گئی ہیں، جبکہ غیر مسلموں، نوجوانوں اور خصوصی افراد کے لیے ایک، ایک مخصوص نشست رکھی گئی ہے۔

اسی طرح میونسپل کارپوریشن سکردو میں خواتین کے لیے 4 مخصوص نشستیں مختص ہوں گی، جبکہ غیر مسلموں، نوجوانوں اور خصوصی افراد کے لیے بھی ایک، ایک مخصوص نشست رکھی گئی ہے۔

چلاس میں خواتین کے لیے 2 مخصوص نشستیں مختص کی گئی ہیں، جبکہ غیر مسلموں، نوجوانوں اور خصوصی افراد کے لیے ایک، ایک مخصوص نشست ہو گی۔