اسلام آباد کے ایچ نائن اور جی سکس ہفتہ وار بازار بند رکھنے کا حکم جاری

 دونوں بازاروں کی بندش کا فیصلہ فائر سیفٹی کے ضروری اقدامات مکمل کرنے اور متعلقہ اداروں سے کلیئرنس حاصل کرنے تک برقرار رہے گا، اعلامیہ

October 15, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

 دونوں بازاروں کی بندش کا فیصلہ فائر سیفٹی کے ضروری اقدامات مکمل کرنے اور متعلقہ اداروں سے کلیئرنس حاصل کرنے تک برقرار رہے گا۔

ڈائریکٹوریٹ آف میونسپل ایڈمنسٹریشن کی جانب سے جاری کردہ باضابطہ نوٹیفکیشن کے مطابق ایچ نائن اور جی سکس ہفتہ وار بازاروں میں آگ سے بچاؤ کے حفاظتی انتظامات کو یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

نوٹیفکیشن چیف آفیسر میٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آباد (ایم سی آئی) کی منظوری سے جاری کیا گیا ہے۔

حکم نامے میں واضح کیا گیا ہے کہ دونوں بازار اس وقت تک بند رہیں گے جب تک فائر سیفٹی سے متعلق ضروری اقدامات مکمل نہیں کر لیے جاتے اور کیپیٹل ایمرجنسی سروسز اور کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) سے مطلوبہ فائر سیفٹی کلیئرنس حاصل نہیں ہو جاتی۔

انتظامیہ کی جانب سے بازاروں میں حفاظتی انتظامات یقینی بنانے پر زور دیا گیا ہے، جبکہ متعلقہ حکام کی کلیئرنس کے بغیر بازار دوبارہ کھولنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

اس فیصلے کے نتیجے میں ایچ نائن اور جی سکس کے ہفتہ وار بازاروں میں خریداری کے لیے آنے والے شہریوں اور وہاں کاروبار کرنے والے دکانداروں کو بازاروں کی دوبارہ افتتاحی اجازت تک انتظار کرنا ہو گا۔

دوسری جانب بازار کھولنے کے حوالے سے حتمی فیصلہ فائر سیفٹی اقدامات کی تکمیل اور متعلقہ اداروں کی کلیئرنس سے مشروط ہوگا۔