لندن میں 2 نقاب پوشوں نے نواز شریف کی گاڑی کے شیشے توڑدیے
پولیس نے واقعے کی سی سی ٹی وی ویڈیو تحویل میں لے لی
فائل فوٹو
لندن :برطانوی دارالحکومت لندن میں مبینہ طور پر ناخوشگوار واقعہ پیش آیا ہے جہاں ایوان فیلڈ اپارٹمنٹس کے باہر 2 نامعلوم نقاب پوش افراد نے سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف کی گاڑی پر حملہ کر کے اس کے شیشے توڑ دیے۔
ذرائع کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب نواز شریف کی گاڑی ایوان فیلڈ کے باہر موجود تھی۔ اچانک دو نقاب پوش افراد نے گاڑی پر حملہ کیا اور توڑ پھوڑ کرنے کے بعد موقع سے فرار ہو گئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی برطانوی پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات کا آغاز کر دیا۔ پولیس نے ایوان فیلڈ کے اطراف نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج اپنی تحویل میں لے لی ہے تاکہ ملزمان کی شناخت کی جا سکے اور ان کی گرفتاری عمل میں لائی جا سکے۔
واضح رہے کہ لندن میں نواز شریف یا ان کے قافلے کی گاڑیوں کے ساتھ اس نوعیت کا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے، بلکہ اس سے قبل بھی دو مرتبہ ان کی گاڑیوں پر حملے اور توڑ پھوڑ کے واقعات پیش آ چکے ہیں۔ تازہ ترین واقعے کے بعد یہ مسلسل تیسری بار ہے کہ ان کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
لیگی ذرائع اور رہنماؤں نے واقعے پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے برطانوی حکام سے ذمہ داروں کے خلاف سخت ترین قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ پولیس کی جانب سے واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔
اس سے قبل گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف کا کہنا تھا کہ پشاور میں اسکول کی چھت گرنےکا واقعہ افسوسناک ہے۔
نواز شریف کا کہنا تھا کہ پنجاب میں نجی اسکولوں کی حالت زار سے متعلق مریم نواز پہلے ہی کام کر رہی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان دہشت گردی کے مسئلے کو سمجھتا ہے اور اس کا نوٹس بھی لے رہا ہے۔
اپنی صحت سے متعلق بات کرتے ہوئے نواز شریف نے بتایا کہ میری طبعیت ٹھیک ہے، اللّٰہ کا شکر ہے۔