خلائی سفر میں تاریخی پیشرفت، پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی روانہ

اہم سنگ میل، شین ژو 24 مشن، تیانگونگ اسٹیشن پہنچیں گے، قوم کا جوش و خروش۔

November 25, 2026 · اہم خبریں
پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی چینی مشن شین ژو 24 کے تحت خلائی سفر کے لیے روانہ ہو گئے۔

پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی چینی مشن شین ژو 24 کے تحت خلائی سفر کے لیے روانہ ہو گئے۔

پاکستان خلائی تحقیق کے میدان میں ایک نئی تاریخ رقم کرنے جا رہا ہے جہاں پاکستانی خلا باز ونگ کمانڈر محمد ذیشان علی چین کے خلائی مشن شین ژو 24 کے تحت خلا کے سفر پر روانہ ہو چکے ہیں۔ دستیاب اطلاعات کے مطابق یہ مشن چین کے جیوکوان سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے روانہ ہوا، جس کے ذریعے محمد ذیشان علی چین کے تیانگونگ خلائی اسٹیشن پر قدم رکھنے والے پہلے غیر ملکی خلا باز بن گئے ہیں۔

اس تاریخی اور باعث فخر موقع پر ملک بھر میں زبردست جوش و خروش پایا جا رہا ہے۔ عوام کا کہنا ہے کہ پاکستانی خلا باز کی خلا میں روانگی سے پوری قوم کے سر فخر سے بلند ہو گئے ہیں اور یہ کامیابی آنے والی نسلوں کے لیے بڑے خواب دیکھنے کا حوصلہ ثابت ہوگی۔ مشن کی روانگی سے قبل چینی خلا بازوں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محمد ذیشان علی نے کہا کہ یہ نہ صرف ان کے بلکہ پورے پاکستان کے لیے اعزاز کی بات ہے اور وہ 24 کروڑ پاکستانیوں کی امیدیں ساتھ لے کر خلا میں جا رہے ہیں۔

سرکاری دستاویزات اور خلائی ایجنسیوں کے مطابق محمد ذیشان علی اس مشن میں سائنسی ماہر یا پے لوڈ اسپیشلسٹ کی حیثیت سے حصہ لے رہے ہیں۔ وہ خلائی اسٹیشن پر تجرباتی آلات کی تنصیب اور مختلف سائنسی تجربات انجام دیں گے جبکہ خلا میں تقریباً 1 ہفتہ گزارنے کے بعد زمین پر واپس آئیں گے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ وہ چینی زبان سیکھ چکے ہیں اور چینی عملے کے ساتھ ان کے برادرانہ اور پیشہ ورانہ تعلقات قائم ہو چکے ہیں۔

روانگی سے قبل اپنے ایک پیغام میں محمد ذیشان علی نے وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ وزیراعظم نے ان سے کہا تھا کہ اس مشن میں صرف ذیشان علی نہیں بلکہ پاکستان جا رہا ہے اور پورے پاکستان کی نمائندگی کا فخر ان کے سر پر ہے۔ اس موقع پر پاک چین دوستی کو سمندروں سے گہری اور ہمالیہ سے اونچی قرار دیتے ہوئے انہوں نے علامہ محمد اقبال کا شعر بھی پڑھا کہ “تو شاہیں ہے پرواز ہے کام تیرا، ترے سامنے آسماں اور بھی ہیں”۔