شدید احتجاج کے بعد بنگلادیشی گارمنٹس ورکرز کی کم از کم تنخواہ میں ساڑھے 4 ہزارٹکا اضافہ
12 گھنٹے طویل مذاکرات کے بعد نئی اجرتوں کے ڈھانچے کی منظوری
شدید احتجاج کے بعد بنگلادیشی گارمنٹس ورکرز کی کم از کم تنخواہ میں ساڑھے 4 ہزارٹکا اضافہ
بنگلا دیش میں کئی ہفتوں سے جاری احتجاج اور فیکٹریوں کی بندش کے بعد گارمنٹس ورکرز کی کم از کم ماہانہ تنخواہ 12 ہزار 500 ٹکا سے بڑھا کر 17 ہزار ٹکا کر دی گئی۔
اجرت بورڈ نے مزدوروں اور فیکٹری مالکان کے نمائندوں کے درمیان تقریباً 12 گھنٹے طویل مذاکرات کے بعد نئی تنخواہوں کے ڈھانچے کی منظوری دی تاہم حالیہ اضافہ گزشتہ ایک دہائی سے زائد عرصے کے دوران سب سے کم اضافہ قرار دیا جا رہا ہے کیونکہ مزدوروں نے ابتدائی طور پر اپنی تنخواہیں دگنی کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔
اجرت بورڈ کے6 رکنی پینل میں مزدوروں اور آجرین کے 2، 2 نمائندے شامل تھے۔ نئی تنخواہوں کے ڈھانچے کی منظوری2 کے مقابلے میں 4 ووٹوں سے دی گئی۔
بنگلادیش کی گارمنٹس انڈسٹری ملک کی معیشت میں کلیدی اہمیت رکھتی ہے،اس شعبے سے 40 لاکھ سے زائد افراد وابستہ ہیں، ملک کی مجموعی برآمدات میں اس صنعت کا حصہ 80 فیصد سے زیادہ ہے، گارمنٹس ورکرز کئی ہفتوں سے تنخواہوں میں اضافے کے لیے احتجاج کر رہے تھے،مظاہروں کے باعث فیکٹریاں بند ہوئیں، شاہراہیں بلاک رہیں اور پیداواری سرگرمیاں متاثر ہوئیں، جبکہ بعض مقامات پر پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں۔
مزدوروں کے احتجاج نے اہم ترین برآمدی صنعت کو شدید متاثر کیا ہے۔بنگلادیش گارمنٹ مینوفیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن (بی جی ایم ای اے) کے مطابق منگل کو 397 فیکٹریاں کام کرنے سے قاصر رہیں، مزید 84 فیکٹریاں لیبر قانون کے تحت ’کام نہیں تو تنخواہ نہیں‘ کی شق کے تحت بند رہیں۔
مزدوروں کے نمائندے بابل اختر کے مطابق4 ارکان نے کم از کم ماہانہ تنخواہ 17 ہزار ٹکا یعنی 139 ڈالر مقرر کرنے کی حمایت کی جبکہ 2 ارکان نے مزدوروں کا 18 ہزار ٹکا تنخواہ مقرر کرنے کا مطالبہ برقرار رکھا۔
نئے 4 درجات پر مشتمل تنخواہوں کے نظام کے تحت گریڈ 4 کے ملازمین کی کم از کم ماہانہ اجرت 17 ہزار ٹکا ، گریڈ 1 کے ملازمین کی تنخواہ 21 ہزار 500 ٹکا مقرر کی گئی ہے۔اس سے قبل گارمنٹس ورکرز کی کم از کم ماہانہ تنخواہ 12 ہزار 500 ٹکا تھی جس میں اب 4 ہزار 500 ٹکا اضافہ کیا گیا ہے۔
مزدوروں نے مذاکرات کے ابتدائی مرحلے میں کم از کم ماہانہ تنخواہ 32 ہزار ٹکا مقرر کرنے کا مطالبہ کیا تھا تاہم بعد میں اسے کم کرکے 18 ہزار ٹکا کر دیا گیا۔دوسری جانب فیکٹری مالکان نے ابتدا میں 15 ہزار ٹکا تنخواہ کی پیشکش کی تھی جسے بعد ازاں بڑھا کر 17 ہزار ٹکا کر دیا گیا۔