صدر اور وزیراعظم کا خواتین کے حقوق کے تحفظ اور مساوات کے عزم کا اعادہ
عالمی دن کا پیغام، تشدد کے خاتمے کی مہم شروع، فوری انصاف ناگزیر ہے
خواتین کے حقوق اور تحفظ سے متعلق ایک تعجیلی اجلاس کا منظر
خواتین پر تشدد کے خاتمے کے عالمی دن پر صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے قوم کی ہر بیٹی کی عزت و وقار اور مساوی حقوق کے تحفظ کے لیے اپنے پختہ عزم کا اعادہ کیا ہے۔
صدر آصف علی زرداری نے اپنے خصوصی بیان میں کہا کہ خواتین کے حقوق کا تحفظ انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے بنیادی حیثیت رکھتا ہے، تشدد کی روک تھام ایک مشترکہ ذمہ داری ہے جس کے لیے عوامی آگاہی، تعلیم اور مردوں کی فعال شرکت ناگزیر ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 14، 25 اور 34 ہر فرد کی عزت، مساوات اور قومی زندگی میں خواتین کی شمولیت کے ضامن ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ 1973ء کے آئین نے خواتین کو مساوی حقوق دیے، جبکہ بینظیر بھٹو شہید نے ویمن بینک اور پولیس سٹیشنز کے قیام سے اس تصور کو عملی شکل دی۔ ہراسانی، تیزاب گردی اور غیرت کے نام پر قتل کے خلاف قوانین پر مؤثر عملدرآمد اور بروقت انصاف کی فراہمی انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ٹیکنالوجی کے ذریعے ہونے والے تشدد اور بدسلوکی کی نئی اشکال سے نمٹنے کے لیے مضبوط ادارہ جاتی ردعمل ناگزیر ہے اور نیشنل ایکشن پلان 2026 میں خواتین کا تحفظ شامل ہے۔ متاثرہ خواتین قانونی مدد کے لیے ہیلپ لائن 1099 پر رابطہ کر سکتی ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ حکومتِ پاکستان قوم کی ہر بیٹی کے حقوق کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ خواتین کے خلاف تشدد کے خلاف آج سے 16 روزہ آگاہی مہم کا آغاز بھی ہو رہا ہے جو 10 دسمبر کو انسانی حقوق کے عالمی دن تک جاری رہے گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ آئینِ پاکستان ریاست کو پابند کرتا ہے کہ وہ خواتین کی قومی زندگی کے تمام شعبوں میں بھرپور شرکت کو یقینی بنائے۔ پاکستان خواتین کے خلاف ہر قسم کے امتیازی سلوک کے خاتمے کے کنونشن کا 1996 سے فریق ہے اور حکومت ان تمام ذمہ داریوں کی ادائیگی پر کاربند ہے۔