پنجاب میں سموگ کا راج، لاہور دنیا بھر میں آلودگی کے اعتبار سے سرِفہرست
خطرناک فضائی کیفیت، گوجرانوالہ میں اے کیو آئی 810 تک پہنچ گیا، پودے بھی متاثر
لاہور میں شدید فضائی آلودگی اور سموگ کے باعث چھائی دھند کا منظر۔
پنجاب بھر میں فضائی آلودگی کی لہر ایک بار پھر شدت اختیار کر گئی ہے، اور صوبائی دارالحکومت لاہور دنیا کے بڑے آلودہ ترین شہروں میں سرفہرست آ گیا ہے۔ تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق لاہور کا مجموعی اوسط ایئر کوالٹی انڈیکس 318 ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ شہر کے متعدد علاقوں میں صورتحال انتہائی تشویشناک ہے۔
محکمہ موسمیات اور ماحولیاتی رپورٹس کے مطابق سب سے زیادہ آلودگی برکی روڈ کے علاقے میں دیکھی گئی جہاں اے کیو آئی 540 تک پہنچ گیا۔ اس کے علاوہ گلبرگ ٹو میں فضائی آلودگی انڈیکس 520 اور علامہ اقبال ٹاؤن میں 320 ریکارڈ کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کا بتانا ہے کہ لاہور میں آئندہ چند روز تک بارش کا کوئی امکان نہیں ہے، جس کے باعث سموگ کی شدت برقرار رہنے کا خدشہ ہے۔ شہر میں کم سے کم درجہ حرارت 11 اور زیادہ سے زیادہ 26 ڈگری سینٹی گریড رہنے کی توقع ہے، جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 40 فیصد اور ہوا 5 کلومیٹر فی گھنٹہ کی ہلکی رفتار سے چل رہی ہے۔
صوبے کے دیگر شہروں میں بھی فضا انتہائی زہریلی ہو چکی ہے۔ تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق گوجرانوالہ فضائی آلودگی کے اعتبار سے سرِفہرست ہے، جہاں ایئر کوالٹی انڈیکس خطرناک حد یعنی 810 تک جا پہنچا ہے۔ اسی طرح ڈی جی خان میں اے کیو آئی 416، سرگودھا میں 343 اور ملتان میں اوسط اے کیو آئی 329 ریکارڈ کی گئی ہے۔ طبی ماہرین نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور باہر نکلتے وقت ماسک کا استعمال یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
فضائی آلودگی کے منفی اثرات صرف انسانی صحت تک محدود نہیں ہیں بلکہ شہر کے درخت اور پودے بھی اس کی زد میں آ رہے ہیں۔ فضا میں موجود دھول، باریک ذرات اور زہریلی گیسیں پتوں پر جمع ہو کر ضیائی تالیف سمیت پودوں کے قدرتی حیاتیاتی افعال کو متاثر کر رہی ہیں، جس سے ان کی نشوونما سست پڑ رہی ہے۔
باغ جناح لاہور کے پراجیکٹ ڈائریکٹر جلیل احمد کے مطابق فضائی آلودگی اور زہریلے کیمیائی ذرات پتوں کے مسام بند کر دیتے ہیں، جس سے پودوں میں گیسوں کے تبادلے کا عمل متاثر ہوتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سلفر ڈائی آکسائیڈ اور نائٹروجن آکسائیڈز جیسی آلودہ گیسیں پودوں کے خلیوں کو بھی نقصان پہنچاتی ہیں۔ پی ایچ اے کی جانب سے پودوں پر پانی کا چھڑکاؤ کیا جا رہا ہے تاکہ پتوں پر جمی دھول صاف کی جا سکے۔
ماحولیاتی محققین کی مختلف رپورٹس کے مطابق تجارتی علاقوں کے قریب درختوں کے پتوں میں سیسہ اور کیڈمیم جیسی بھاری دھاتیں پائی گئی ہیں، جو ماحولیاتی توازن کے لیے شدید خطرہ ہیں۔ ماہرین نے زور دیا ہے کہ شہر میں فضائی آلودگی پر قابو پانے کے ساتھ ساتھ درختوں کی حفاظت اور سبز علاقوں میں اضافہ کیا جائے۔