پشاور ہائیکورٹ میں سہیل آفریدی اور اسپیکر کی بازیابی کی درخواستوں پر سماعت 20 اکتوبر کو ہوگی

صوبے کے منتخب وزیراعلیٰ کو مبینہ طور پر اغوا کرنا آئین، قانون اور بنیادی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔درخواست گزار کا مئوقف

October 17, 2026 · قومی
پشاور ہائیکورٹ میں سہیل آفریدی اور اسپیکر کی بازیابی کی درخواستوں پر سماعت 20 اکتوبر کو ہوگی

پشاور ہائیکورٹ میں سہیل آفریدی اور اسپیکر کی بازیابی کی درخواستوں پر سماعت 20 اکتوبر کو ہوگی

پشاور: پشاور ہائیکورٹ نے خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی اور صوبائی اسمبلی کے اسپیکر بابر سلیم سواتی کی بازیابی کے لیے دائر درخواستیں سماعت کے لیے مقرر کردی ہیں۔ دونوں درخواستوں پر سماعت 20 اکتوبر کو ہوگی۔

رپورٹ کے مطابق سہیل آفریدی کے بھائی محمد عامر آفریدی نے عدالت میں رٹ درخواست دائر کی ہے، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ سہیل آفریدی کو سی سی پی او پشاور کی موجودگی میں مسلح اور نقاب پوش افراد اپنے ساتھ لے گئے۔

درخواست گزار نے مؤقف اپنایا ہے کہ صوبے کے منتخب وزیراعلیٰ کو مبینہ طور پر اغوا کرنا آئین، قانون اور بنیادی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ درخواست میں یہ خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے کہ سہیل آفریدی کی جان اور آزادی کو خطرات لاحق ہیں۔

درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ سہیل آفریدی کو فوری طور پر بازیاب کرا کے عدالت میں پیش کرنے کے احکامات جاری کیے جائیں۔