ای سرٹیفکیٹ گھر بیٹھے حاصل کرنے کی سہولت متعارف
نئی سہولت کے ذریعے اسلام آباد میں مرکزی دفتر کے علاوہ لاہور، کراچی، پشاور، کوئٹہ اور گجرات کے رابطہ دفاتر سے متعلقہ دستاویزات کی تصدیق بھی کرائی جا سکے گی۔
ای سرٹیفکیٹ گھر بیٹھے حاصل کرنے کی سہولت متعارف
اسلام آباد: وزارت خارجہ نے شہریوں کی سہولت کے لیے دستاویزات کی تصدیق کا ڈیجیٹل نظام فعال کردیا ہے، جس کے تحت اب شہری گھر بیٹھے آن لائن درخواست دے سکیں گے اور تصدیق مکمل ہونے پر انہیں ای سرٹیفکیٹ ای میل کے ذریعے موصول ہوگا۔
وزارت خارجہ کے مطابق یہ نظام 12 اکتوبر 2026 سے فعال کیا گیا ہے۔ نئی سہولت کے ذریعے اسلام آباد میں مرکزی دفتر کے علاوہ لاہور، کراچی، پشاور، کوئٹہ اور گجرات کے رابطہ دفاتر سے متعلقہ دستاویزات کی تصدیق بھی کرائی جا سکے گی۔
نئے نظام کے تحت درخواست گزار عام تصدیق اور اپوسٹل تصدیق کے لیے آن لائن درخواست جمع کروا کر مقررہ فیس ادا کرسکیں گے۔ کارروائی مکمل ہونے کے بعد تصدیقی سرٹیفکیٹ ان کی ای میل پر بھیج دیا جائے گا۔
وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ یہ نظام ہائر ایجوکیشن کمیشن کے طرز پر تیار کیا گیا ہے، جس کا مقصد تصدیق کے عمل کو تیز، آسان اور شفاف بنانا ہے۔
اس اقدام سے شہریوں کو بار بار دفاتر کے چکر لگانے سے نجات ملے گی اور ان کے وقت اور اخراجات کی بچت ہوگی۔ تاہم بعض مخصوص یا غیر معمولی معاملات میں درخواست گزار کو ذاتی طور پر متعلقہ دفتر میں حاضر ہونا پڑ سکتا ہے۔
وزارت خارجہ کے مطابق دستاویزات کی تصدیق کے خواہش مند افراد سرکاری آن لائن پورٹل کے ذریعے درخواست جمع کرا سکتے ہیں۔