بجلی 2 روپے 56 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی تیاری

درخواست پر سماعت 29 اکتوبر کو ہوگی، جس کے بعد قیمتوں میں اضافے سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔

October 17, 2026 · قومی
بجلی 2 روپے 56 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی تیاری

بجلی 2 روپے 56 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی تیاری

اسلام آباد: بجلی صارفین کے لیے نرخوں میں اضافے کی تیاری کی جا رہی ہے۔ سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی نے ستمبر کی ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 2 روپے 56 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کے لیے نیپرا سے رجوع کرلیا ہے۔

نیپرا کے مطابق درخواست پر سماعت 29 اکتوبر کو ہوگی، جس کے بعد قیمتوں میں اضافے سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔

درخواست میں بتایا گیا ہے کہ ستمبر کے لیے فی یونٹ بجلی کی اوسط فیول لاگت 7 روپے 46 پیسے مقررہ اندازے کے مطابق تھی، تاہم اصل لاگت بڑھ کر 10 روپے 2 پیسے فی یونٹ تک پہنچ گئی۔

سی پی پی اے کے اعداد و شمار کے مطابق ستمبر میں مقامی کوئلے سے 7 ارب 95 کروڑ روپے جبکہ درآمدی کوئلے سے 37 ارب 14 کروڑ روپے کی بجلی پیدا کی گئی۔ اسی عرصے میں بجلی کی پیداوار کے لیے ڈیزل پر 13 ارب 26 کروڑ روپے اور فرنس آئل پر 11 ارب 81 کروڑ روپے خرچ ہوئے۔

درخواست کے مطابق مقامی گیس سے بجلی پیدا کرنے پر 13 ارب 89 کروڑ روپے جبکہ مائع قدرتی گیس سے بجلی کی پیداوار پر 31 ارب 93 کروڑ روپے لاگت آئی۔ ستمبر کے دوران بجلی پیدا کرنے کے لیے مجموعی ایندھن کی لاگت 127 ارب 87 کروڑ روپے رہی۔

سی پی پی اے نے مزید بتایا کہ ستمبر میں بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں نے مجموعی طور پر 12 ارب 76 کروڑ یونٹ بجلی فروخت کی۔