مولانا فضل الرحمان کی گفتگو سے مایوسی ہوئی،مؤقف سے اتفاق نہیں کرتا، فیصل کریم کنڈی

مولانا فضل الرحمان کہا کرتے تھے کہ ان کے بغیر کوئی حکومت نہ بن سکتی ہے اور نہ چل سکتی ہے، لیکن ان کے بغیر بھی حکومت قائم ہوگئی ہے اور کامیابی سے چلے گی۔

October 17, 2026 · قومی
مولانا فضل الرحمان کی گفتگو سے مایوسی ہوئی،مؤقف سے اتفاق نہیں کرتا، فیصل کریم کنڈی

مولانا فضل الرحمان کی گفتگو سے مایوسی ہوئی،مؤقف سے اتفاق نہیں کرتا، فیصل کریم کنڈی

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے مولانا فضل الرحمان کے گورنر راج سے متعلق مؤقف پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ان کی گفتگو سے اتفاق نہیں کرتے۔

پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کہا کرتے تھے کہ ان کے بغیر کوئی حکومت نہ بن سکتی ہے اور نہ چل سکتی ہے، لیکن ان کے بغیر بھی حکومت قائم ہوگئی ہے اور کامیابی سے چلے گی۔

گورنر خیبرپختونخوا نے مولانا فضل الرحمان کو صوبے کی خوشحالی کے لیے ساتھ دینے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ جن لوگوں نے صوبے کو تباہ کیا، ان کا باب بند ہوچکا ہے۔ ان کا الزام تھا کہ سابق حکمرانوں کے بعض عناصر سرحد پار بیٹھ کر لوگوں کو اکسا رہے ہیں۔

فیصل کریم کنڈی نے پاکستان تحریک انصاف کی سابق صوبائی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ اس کے فیصلے افغانستان سے آتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ بعض رہنما خود محلات میں بیٹھے ہیں اور غریب لوگوں کو جہاد کے لیے کہتے ہیں۔

گورنر نے مزید کہا کہ مولانا فضل الرحمان ماضی میں اپنے علاقے میں آزادانہ گھومنے پھرنے میں مشکلات کا ذکر کرتے رہے ہیں اور وفاقی حکومت پر امن و امان برقرار نہ رکھنے کے الزامات بھی لگاتے تھے۔ فیصل کریم کنڈی کے مطابق یہ کہنا درست نہیں کہ خیبرپختونخوا حکومت قیام امن کے لیے کوششیں نہیں کر رہی۔